سرکاری ملازمین کیلئے رہائشی سہولیات فراہم کی جائیں گی،جام کمال خان

کوئٹہ :وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں صوبے میں پولی ٹیکنیک انسٹیٹیوٹ،کالجز، بی آر سیز، ہسپتالوں اور جی او آر کالونی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن ریٹائرڈ فضیل اصغر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات عبدالصبور کاکڑ،سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی ارشد مجید،سیکرٹری فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ غلام علی بلوچ،سیکرٹری ثانوی تعلیم شیر خان بازء، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ہاشم خان غلزئی، سیکرٹری اطلاعات شاہ عرفان غرشین، اسپیشل سیکرٹری خزانہ لعل جان جعفر، اسپیشل سیکرٹری صحت حیات خان کاکڑ سمیت صحت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو سیکٹری فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ غلام علی بلوچ نے 2020- 21 کی جاری 290 اسکیمات اور 405 نئی اسکیمات،پی سی ون اسٹیٹس، اسکیمات کی ڈی ایس سی اور پی ڈی ڈبلیو پی، صوبے میں پولی ٹیکنیک انسٹیٹیوٹ،بی آر سیز، کالجوں، اسکولوں، ہسپتالوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ عمارتوں کے ڈیزائن میں جدید طرز تعمیر کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کی باقاعدہ ماسٹر پلاننگ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ جی او آر کالونی کی طرز پر ڈویژنل اور ضلعی سطح پر بھی سرکاری ملازمین کے لیے رہائشی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ چاغی اور سنجاوی میں ہسپتالوں کی تعمیر میں بھی جدید طرز کو اپنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام عمارتوں کی تعمیر میں خصوصی افراد کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈیزائن مرتب کیے جائیں، عمارتوں میں سی سی ٹی وی اور فائر فائٹنگ کی تنصیب کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولی ٹیکنیک اور بی آر سیز کی تعمیر میں تمام ضروری دیگر جزیات کو بھی شامل کیا جائے جن میں ہارٹی کلچر کے فروغ، منی آڈیٹوریم، کانفرنس ہال اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ سمیت ڈسپنسری کی تعمیر کو بھی یقینی بنایا جائے آئے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جی او آر کالونیوں کی تعمیر میں کمیونٹی ہال، کامن جمنازیم، فیملی پارک، پارکنگ لاٹ، اسکول، سیوریج اور ڈرینج کا موثر نظام، اسٹریٹ لائٹس، زیر زمین بجلی اور سہولیات کی موثر فراہمی کے لیے یوٹیلیٹی کوریڈور کی تعمیر کو بھی مد نظر رکھا جائے۔ وزیراعلی نے کہا کہ ہم ایک ارتقائی عمل سے گزر رہے ہیں عمارتوں کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ان میں وہ تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں جو نہ صرف دور حاضر کی ضرورتوں کو پورا کرے بلکہ ایسی عمارتوں کی تعمیر مستقبل میں بھی کارآمد اور مفید ثابت ہوں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے