انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں مزید کمی

کراچی (ڈیلی گرین گوادر) آئی ایم ایف قرض پروگرام کی منظوری سے ڈالر کی پرواز رک گئی ہے اور ریٹ میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 1.52 روپے کمی سے 218.60 روپے کا ہوگیا ۔ ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے چئیرمین ملک بوستان نے کہا ہے کہ بھارت ، بنگلہ دیش اور افغانستان کی کرنسیوں کی قدر ڈالر کے مقابلے میں بالترتیب 80روپے ، 95روپے اور 90روپے ہے۔

مقامی ایکس چینج کمپنیز نے مشترکہ حکمت عملی کے تحت ڈالر کی قدر کو مرحلہ وار بنیادوں پر 180روپے تک نیچے لانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف سے قسط کی پاکستان منتقلی کے ساتھ ڈالر کی قدر 210روپے کی سطح پر آجائے گی جسکے بعد دوست ممالک سے تقریبا 30ارب ڈالر کا فنڈ موصول ہونے کے نتیجے میں ڈالر کی قد 200روپے اور بعدازاں 180روپے کی نچلی سطح پر آجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قدر میں نمایاں کمی ہونی تھی لیکن سیلاب کی وجہ سے جہاں آبادیوں کو نقصان ہوا ہے وہاں پاکستان کی گولڈن فصلیں بھی تباہی سے دوچار ہوگئی ہیں لہذا سیلاب کی تباہ کاریوں سے معیشت کو پہنچنے والی اربوں ڈالر کے نقصانات کی وجہ سے ذرمبادلہ کی مارکیٹوں میں بڑے نوعیت کا ردعمل سامنے نہیں آیاہے۔واضح رہے کہ آئی ایم ایف کے ساتویں اور آٹھویں جائزے کے تحت قرض پروگرام میں جون 2023 تک توسیع کی منظوری دی گئی ہے جبکہ پاکستان کے لیے قرض پروگرام 6 ارب ڈالر سے بڑھا کر ساڑھے 6 ارب ڈالر کر دیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے