نصیرآباد کی 5لاکھ سے زائد آبادی اسوقت سیلاب سے بری طرح متاثر ہے علاقے میں بھوک اورافلاس کے ڈیرے ہیں،میرصادق عمرانی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سابق صوبائی وزیرمیر صادق عمرانی نے کہا ہے کہ نصیرآباد کی 5لاکھ سے زائد آبادی اسوقت سیلاب سے بری طرح متاثر ہے علاقے میں بھوک اورافلاس کے ڈیرے ہیں انتظامیہ سیاسی وابستگی کی بناء پر راشن تقسیم کررہی ہے۔یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی میرصادق عمرانی نے کہا کہ نصیرآباد میں پانچ لاکھ سے زائد انسانی جانیں اسوقت خطرے میں ہیں ہزاروں کی تعداد میں جانور اورانسان بھوک اورافلاس کا شکار ہیں انتظامیہ انہیں ریسکیو کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ضلع نصیرآباد کا کنٹرول فوری طور پر ایف سی کو دیا جائے جو ریسکیو کے عمل کو تیز کرے۔انہوں نے کہا کہ نصیرآباد میں بھوک اورافلاس کے مارے لوگوں نے لوٹ مار شروع کردی ہے انتظامیہ یکسر طور پر ناکام نظرآرہی ہے چیف سیکرٹری بلوچستان اس جانب توجہ دیں کہ انتظامیہ سیاسی وابستگی کی بناء پر راشن تقسیم کررہی ہے صوبائی وزراء نے اپنے گھروں کوسٹور بنادیا ہے اورعوام بے یارومددگار ہیں ضلع نصیرآباد کے لوگوں کو اسوقت خوراک،خیموں اوردیگر سامان کی ضرورت ہے لیکن انتظامیہ نے ٹھیکیداروں کی مدد سے متاثرین کیلئے آنے والا سامان فروخت کردیا ہے جو انتظامیہ سیلاب زدگان کی خوراک فروخت کرے اسکی مذمت کرتے ہیں اور یہ قابل افسوس امر ہے۔انہوں نے کہا کہ کیٹل فارم،باباکوٹ،چھتر،اللہ آباد،خان کوٹ،فتح آباد،کوٹ سلیمان سمیت دیگر علاقے مکمل طور پر نظرانداز کردیئے گئے ہیں اور یہاں نہ تو امداد تقسیم کی گئی ہے اور نہ ہی لوگوں کو ریسکیو کیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ تمام تر صورتحال کا نوٹس لیکر لاکھوں لوگوں کی جانوں کو بچائیں اور کورکمانڈر سے اپیل ہے کہ وہ فضائی راستوں سے ضلع نصیرآباد کے علاقے میں راشن تقسیم کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے