پاکستان میں ہائیڈل توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں،شہباز شریف

دوحہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہائیڈل توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔پاکستان قطر سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرتباک استقبال پر قطر کے حکام کا مشکور ہوں، پاکستان کے قطر کے ساتھ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معیشت میں سخت چیلنجز کا سامنا ہے،ہماری درآمدات برآمدات سے کہیں زیادہ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ قطر نے پاکستان کا ہر موقع پر ساتھ دیا، دونوں ممالک کے تعلقات اعتماد اور باہمی احترام پرمبنی ہے،قطر کے سرمایہ کارپن بجلی کےشعبے میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قطر نے افغانستان اوردنیا کے درمیان مذاکرات میں اہم کردار ادا کیا،یہ وقت ہے دونوں ملک باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچائیں۔وزیراعظم کا کہنا ہے کہ قطر کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو مضبوط سٹریٹیجک شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔وزیراعظم شہبازشریف قطر کی دعوت پر دوحہ کا دورہ کررہے ہیں،وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد شہبازشریف کا یہ پہلا دورہ قطر ہے۔

دورے سے پاکستان میں زراعت،قابل تجدید توانائی،ہوابازی،انفراسٹرکچر،سیاحت،لائف اسٹاک،اشیائے خوردنوش کی برآمدی صنعت و دیگر شعبوں میں قطری سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔دورے پرروانگی سے پہلے وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ان کا دورہ دونوں برادر ممالک کی دوستی اور تعاون کو نئی جہت دے گا،قطر کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو مضبوط سٹریٹیجک شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں، مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کےلیے تعاون کے نئے راستے تلاش کرنا ہوں گے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ قطر کے دورے کے دوران کاروباری برادری کے ساتھ ملاقات کروں گا،جس میں توانائی،صنعت،سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کو اجاگر کیا جائے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ان کے دورہ قطر کے سیاق و سباق کو سمجھنا ضروری ہے،دنیا کورونا کی وجہ سے سست معاشی بحالی کا سامنا کر رہی ہے،جغرافیائی سیاسی کشیدگی نے سپلائی چین کو متاثر کیا ہے،بڑھتی ہوئی توانائی اور خوراک کی قیمتوں نے پریشانیوں میں مزید اضافہ کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے