اپنی زندگی انسانیت کی فلاح و بہبود کے لئے وقف کرنے والی ہستیوں کوتاریخ سنہری الفاظ میں یاد رکھتی ہے،کمشنر قلات ڈویژن
سوراب (ڈیلی گرین گوادر) کمشنر قلات ڈویژن داؤد خان خلجی نے کہا ہے کہ اپنی زندگی اور وسائل انسانیت کی فلاح و بہبود کے لئے وقف کرنے والی ہستیوں کو تاریخ سنہری الفاظ میں یاد رکھتی ہے، ڈاکٹر محمد عمر مرحوم قمبرانی ایک ایسی غریب پرور شخصیت تھی کہ جس کے خواب اور مشن کو وسعت دے کرآج ایک فاؤنڈیشن کے زریعے انسانیت اور علاقے کی خدمت کا آغاز کیا جارہا ہے، خدمتِ خلق کے ذریعہ دوسروں کو نفع پہنچانا ڈاکٹر محمد عمر قمبرانی کا مقصد حیات تھا اور یہی اسلام کی روح اور ایمان کا تقاضا بھی ہے،غم خواری و غم گساری خیرو بھلائی، ہمدردی، اورامداد و اعانت اور خدمت خلق ایک بہترین انسان کی وہ عظیم صفات ہیں کہ جن کی بدولت وہ دین و دنیا اور آخرت میں کامیاب اور سرخرو ہو سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوراب میں ڈاکٹر محمد عمر قمبرانی فاؤنڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈی جی گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی مجیب الرحمٰن قمبرانی کی زیرنگرانی قائم ہونے والی رفاہی و فلاحی تنظیم ڈاکٹر محمدعمر قمبرانی فاؤنڈیشن کی افتتاحی تقریب گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری سکول سوراب کے ہال میں منعقد ہوئی۔جس کے مہمان خاص کمشنر قلات ڈویژن تھے جبکہ دیگر مہمانان میں ڈپٹی کلکٹر کسٹم مقبول قلندرانی ڈپٹی کمشنر سوراب جلال الدین خان کاکڑ ایس پی سوراب عبدالعزیز جکھرانی نامور ماہر تعلیم ادیب حاجی خیرجان ریکی قبائلی و سیاسی رہنماء میرظفر خان قمبرانی اور دیگر شامل تھے، پروقار تقریب کے نظامت کے فرائض معروف علمی اور ادبی شخصیت پروفیسر انجم براہوئی نے انجام دیئے تقریب میں علاقے کے نامور سیاسی قبائلی عمائدین سماجی شخصیات اور خواتین اور حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی، ڈاکٹر محمد عمر قمبرانی فاؤنڈیشن کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے مجیب الرحمٰن قمبرانی کا کہنا تھا کہ اس فلاحی اور سماجی تنظیم ایک ایسی شخصیت سے منسوب ہے جس نے اپنی زندگی کا مقصد علاقے کی لوگوں کی بیلوث خدمت کو بنایا تھا، ڈاکٹر محمد عمر قمبرانی مرحوم ایک سائبان کی حیثیت سے غریب اور ناداروں کی کفالت کو عبادت کا درجہ دیتے تھے انہیں اپنے بچوں کے ساتھ علاقے کے دیگر بچوں کی تعلیم اور پرورش کے لئے اپنے دستیاب وسائل کو خرچ کرنے میں دلی اور روحانی سکون محسوس ہوتا تھا آج ان کے نام سے ایک فاؤنڈیشن کا قیام عمل میں لاکر ہم ان کے مشن کو آگے بڑھارہے ہیں ان شائاللہ اس پلیٹ فارم کے زریعے علاقے میں تعلیم صحت کھیل سمیت دیگر شعبوں میں بیلوث خدمت کے ایک نئے سفر کا آغاز کریں گے جس کے لئے علاقے کیتمام طبقات فکر کا تعاون اور ان کی حوصلہ افزائی درکار ہوگی، اور اس فاؤنڈیشن کو چند افراد یا شخصیات کے بجائے اہل علاقہ کی مشترکہ کاوشوں اور تجاویز و آراء کی روشنی میں چلایا جائے گا، ابتدائی طور پر ایک تعلیمی ادارے کا قیام اولین ترجیحات میں شامل ہے جس میں علاقے کے مستحق اور ذہین بچوں کو مفت معیاری تعلیم فراہم کی جائے گی اسی طرح بتدریج دیگر اہداف کی تکمیل کے لئے جدوجہد کریں گے،اس موقع پر مہمان خصوصی کمشنر قلات ڈویژن داؤد خان خلجی اور ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالستار ریکی نے اپنی جانب سے ایک ایک لاکھ روپے ڈاکٹر محمد عمر مرحوم قمبرانی فاؤنڈیشن کے لیے دینے کا اعلان کیا، جبکہ علاقے کے تمام سرکردہ شخصیات نے فاؤنڈیشن کے قیام پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اپنی جانب سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کی۔