بلوچستان کو تاریخ کے بدترین سیلابی صورتحال کا سامنا ہے، ثمینہ ممتاز زہری

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کی نائب صدر سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ بلوچستان کو تاریخ کی بدترین سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔بلوچستان حالیہ بارشوں اور سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حب میں اپنی طرف سے سوراب کے سیلاب متاثرین کے لئے 500 خیموں اور امدادی سامان سے بھرے 2 ٹرک روانہ کرنے کے موقع پر کیا۔علی اصغر زہری نے سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کے نمائندے کی حیثیت سے امدادی سامان سوراب کے لئے روانہ کئے جہاں سوراب کی انتظامیہ کی نگرانی میں سیلاب متاثرین میں تقسیم کئے جائیں گے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اس موقع پر کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم اپنے عوام کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے۔انہوں نے بارشوں اور سیلابی ریلوں سے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان کی داد رسی ہم سب کا فرض ہے۔ بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں حکومتی اقدامات جاری ہیں جنہیں مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے تمام متاثرہ اضلاع میں حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ علاقے کے مخیر حضرات اور رضا کار تنظیموں اور اداروں کو چاہئے کہ وہ متاثرین کی امداد اور بحالی کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں جلد از جلد بحالی اور متاثرین کی داد رسی کے لئے موثر اقدامات کے لئے بلوچستان حکومت کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں اور حکومت متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں مزید متوقع بارشوں سے نقصانات کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کئے جائیں تاکہ مزید جانی و مالی نقصانات سے بچا جاسکے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ بلوچستان میں بارشوں اور سیلابی صورتحال سے مختلف علاقوں میں وبائی مرض پھیل رہے ہیں جن پر قابو پانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈائریا اور ہیضہ سے کئی افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ کئی علاقوں میں دست اور اسہال کی بیماری ڈائریا کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوا ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ چیف سیکرٹری بلوچستان سمیت وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس کی پوری ٹیم دن رات بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں متاثرین کی امداد اور بحالی کیلئے کام کر رہے ہیں اور ان کی اولین ترجیح متاثرین کی امداد رسی اور جلد بحالی کو ممکن بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو اضلاع شدید متاثر ہوئے ہیں انہیں آفت زدہ قرار دے کر فوری طور پر امدادی سرگرمیاں مزید تیز کی جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کو بلوچستان کے لئے ہنگامی طور پر امدادی پیکج کا اعلان کرنا چاہئے تاکہ متاثرین کی بحالی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جاسکے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ بلوچستان کے عوام مشکل میں ہے اور اس مشکل گھڑی میں ہم اپنے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ جلد ہی لسبیلہ کے سیلاب متاثرین کے لئے امدادی سامان اورراشن تقسیم کیا جائے گا۔ انہوں نے مخیر حضرات اور پرائیویٹ اداروں سے اپیل کی کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کی امداد اور جلد بحالی کے لئے حتی الوسع اقدام اٹھائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے