جعفر آباد اور ڈیرہ بگٹی میں مکانات کی چھتیں گرنے سے8 افراد جاں بحق

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان میں مون سون بارشوں سےمزید 8 افراد جاں بحق ہو گئے۔بلوچستان میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، اور بارشوں کی تباہی میں مزید 8 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔پہلا واقعہ جعفرآباد کی تحصیل گنداخہ میں پیش آیا، جہاں مکان کی چھت گرگئی، اور ملبے تلے آکر ایک ہی گھر کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ڈیرہ بگٹی میں بھی مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے آکر ایک ہی خاندان کے 3 افراد موت کی وادی میں چلے گئے۔بلوچستان میں سیلاب کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 215 ہو گئی ہے، اس تباہی میں 23 ہزار گھر مکمل طور پرتباہ ہو چکے ہیں، اور مزید نقصانات کا بھی خدشہ ہے۔

ضلع چاغی کی تحصیل دالبندین میں بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے، اور پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے۔ضلع خضدار کے علاقے کرخ اور وڈھ میں بارشوں سے کئی علاقے کچی آبادیاں زیر آب آگئے ہیں، ونگو ہل اور بھلونک کے مقام پر سندھ بلوچستان کا زمینی رابطہ منقطع ہے۔

شدید بارشوں کے سبب ضلع کوہلو میں بجلی کا نظام دہم برہم ہوگیا ہے، ضلع کا کوئٹہ اور اندرون بلوچستان کئی علاقے سے زمینی رابطہ منقطع اور تجارت معطل ہے، جب کہ ضلع بولان کے علاقے بی بی نانی میں متاثرہ گیس پائپ لائن کی مرمت نہ کی جا سکی، کوئٹہ سمیت متعلقہ اضلاع کو گیس کی سپلائی بھی معطل ہے، جب کہ خضدار اور کوہلو کے زمینی راستے بھی تاحال بحال نہیں ہو سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے