نتائج کی پرواہ کیے بغیر نواز شریف کو پاکستان لارہے ہیں،جاوید لطیف
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)لیگی رہنما اور وفاقی وزیر جاوید لطیف نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ نتائج کی پرواہ کئیے بغیر نواز شریف کو لا رہے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر داخلہ کہہ رہے ہیں شہباز گل پر کوئی تشدد نہیں ہوا، وہ اپنی نوکری پکی کرنے کیلئے بیان دیتے ہیں، اگر ایک شخص پر تشدد ہوا ہے تو ہم اس کی حمایت نہیں کرتے، یہ عمران خان کی روایت ہے کہ قریبی دوست نعیم الحق کی میت کو بھی نہیں دیکھا، اس طوطے میں عمران خان کی اور دیگر کی جان ہے۔
جاوید لطیف نے کہا کہ تین دفعہ کے وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بچوں حسین نوازو مریم نواز کے ساتھ جو سلوک ہوتا رہا ہے، اگر نواز شریف اس کا چوتھا حصہ بھی بتا دیں تو ملک میں خوریزی ہو جائے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ جو میرے ساتھ ہوا ہے، چھ چار کے کمرے میں مجھے رکھا گیا اور وہاں 40 کے قریب بلب لگے تھے، اور جون ،جولائی کا مہینہ تھا، جب کہ مجھے کہا جاتا تھا رو چیخو ہمیں عمران خان کو تمھاری آواز سنانی ہے، میں تو نہیں رویا۔ اگر میرے جیسے بندے کا 14 دن ریمانڈ ہو سکتا ہے تو شہبازگل کا 12 دن کرلیں۔جاوید لطیف نے مزید کہا کہ میرے کیس میں تو 7 جج تبدیل ہوئے، اور جب میرے اہل خانہ نے پوچھا کہ میرا بیٹا میرا بھائی کہاں ہے؟، تولاہور کے ایک قابل احترام جج نے کہا کہ اس کو لوگ برداشت کیسے کر رہے ہیں، اس کو تو باہر بھیج دینا چاہئے۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی جانب سے آج جو رونا دھونا ہے وہ طوطے کے لئے نہیں ہے، بلکہ طوطے نے جو پہلے دن ہی زبان کھول دی تھی اور بتایا تھا، اس کا ڈر ہے کہ بات یہاں رک نہیں رہی، جن کے ہاتھ ان کی ڈوریں ہیں کہیں وہ ان کا نام نہ لے لے، وزیراعظم اور بنی گالا میں پیسہ بنانے سے قومی راز اگلنے تک جو باتیں ہیں وہ سب اس کو پتہ ہیں، اسی لئے تو طوطے کی زبان بندی کی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کو ڈر ہے کہ قومی مفادات کا جو سودا ہوا ہے کہیں طوطا زبان نہ کھول دے، اس طوطے کو علم ہے کہ قومی راز کس کس کو دئیے گئے، وہ جانتا ہے ریاستی اداروں کو آمنے سامنے کون کھڑا کررہا ہے، ریاست خطرے میں پڑ جائے تو اس حد تک جانا چایئے کہ ریاست محفوظ رہے، میں کسی کو غدار نہیں کہتا مگر میں نے جو کلپ دکھایا ،اس میں تو چیزیں سب کے سامنے ہیں، ہم دیکھنا چاہتے کہ ادارے غیرجانبدار ہیں یا نہیں۔جاوید لطیف نے کہا کہ کیا فواد چوہدری نے نہیں کہا تھا کہ جج اور جنرل بند کمروں میں فیصلے کرتے ہیں، کیا اداروں نے ہمارے خلاف فیصلے نہیں دئیے، ہماری کسی ادارے سے جنگ نہیں ہے، لیکن اداروں میں بیٹھے لوگ اپنی خواہش کے مطابق چلائیں گے تو پھر آواز اٹھاتے رہیں گے، ہم نتائج کی پرواہ کئیے بغیر نواز شریف کو لا رہے ہیں۔
جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے بغیر یہ ملک نہیں چل سکتا، اور مسلم لیگ ن بھی ان کے بغیر کچھ نہیں کرسکتی، شہباز شریف بھی ہماری طرح کارکن ہیں، نواز شریف اقتدار کیلئے نہیں آرہے، جو تجربہ نوازشریف، مولانا فضل الرحمان اور زرداری رکھتے ہیں وہ کسی کے پاس نہیں ہے، ہمیں لیول پلینگ فیلڈ اقتدار کیلئے نہیں چاہیے، یہ ملک حقیقی قیادت کے بغیر نہیں چل سکتا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے چار سال میں ملک کی تباہی کر دی ہے، ہم چاہ کر بھی ملک کو اس بھنور سے نہیں نکال سکتے، مفتاح کو لگاؤ یا کسی اور کو، سب کو گالیاں ہی پڑیں گی۔