ناجائز حکومت کو نہیں چلنے دیں گے،مولانا فضل الرحمان
لاہور :پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ناجائز حکومت کے لیے سٹیبلشمنٹ نے جو دھاندلی کی گئی تھی، اب اس کے زخم اب گہرے ہوتے جا رہے ہیں۔ اب کہیں وہ دن نہ دیکھنے پڑیں کہ جہاں سٹیبلشمنٹ بمقابلہ پاکستان کے عوام نہ ہوں۔
انھوں نے کہا میں آج اپنی دفاعی قوت اور سٹیبلشمنٹ کو متنبہ کرنا چاہتا ہوں کہ عوام کو راستہ دیں، عوام کو اسلام آباد پہنچنے دیں۔ حکومت عوام کی ہو گی، دھاندلی کا نظام نہیں چلے گا۔
انھوں نے کہا کہ عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جاتا ہے تو پھر قومی یکجہتی برقرار نہیں رکھیں جا سکتی۔ ہمیں انارکی کی طرف جانے سے قبل حالات کو سنبھال لینا چائیے۔
مولانا فضل الرحمان نے وزیر اعظم عمران خان کی کشمیر پالیسی پر کڑی تنقید کی۔ انھوں نے کہا ’آج ہندوستان نے کشمیر ہڑپ کر لیا ہے اور کشمیر پر قبضہ کر لیا ہے۔‘انھوں نے کہا اب قوم نے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
ان کے مطابق آج ہر طبقے سے تعلق رکھنے والا پریشان ہے۔ اگر ہم نے ہر شعبے اور طبقے سے تعلق رکھنے والے کو مطمئن کرنا ہے تو پھر آئیں انقلاب بھرپا کریں۔
انھوں نے کہا ہم نے سربراہی اجلاس میں کچھ فیصلے کیے ہیں۔ پارلیمنٹ کی خود مختاری ہو گی، پارلیمنٹ کو یرغمال نہیں بننے دیا جائے گا۔ سیاست سے سٹیبلشمنٹ اور ایجنسیوں کے کردار کا خاتمہ کیا جائے گا اور ایک آزاد عدلہ کی تصور دیا جائے گا۔
آزادانہ انتخاب کا انعقاد کرایا جائے گا۔ صوبوں کے حقوق اور اٹھارویں ترمیم کا تحفظ کیا جائے گا۔
جنوری کے آخر میں یا فروری کے اوائل میں اسلام آباد کی طرف پوری قوم مارچ کرے گی اور پارلیمنٹ کے استعفے ہم اپنے ساتھ لے کر جائیں گے، ہم ایسی پارلیمنٹ پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں ہیں اور نہ ہی اس پارلیمنٹ کے ذریعے سے ناجائز حکومت کو چلنے دیں گے، اس کا خاتمہ کر کے دم لیں گے اور ووٹ کا مقدس امانت عوام کو واپس دلا کر دم لیں گے۔