پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے، وزیراعظم
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف سے اقومِ متحدہ کے پاکستان میں ریزیڈنٹ کوارڈینیٹر جولین ہارنئیس کی ملاقات ہوئی ہے۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے کام میں خاص طور پر امن قائم کرنے، انسانی ہمدردی کی کارروائیوں، ماحولیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی کے لیے بین الاقوامی تعاون کے شعبوں میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کے لیے پاکستان کے پختہ عزم پر زور دیا۔شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے ایجنڈے 2030 اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی جانب پاکستان کی پیشرفت کی حمایت میں اقوام متحدہ کے اہم کردار کو سراہا۔