حالیہ بارشوں سے لہڑی سے لے کرپٹ فیڈرتک لوگوں کا گھربار مال مکمل طورپرتباہ ہوگیا ہے، صادق عمرانی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن سابق صوبائی وزیر و صدر میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب نے نصیر آباد کے علاقے لہڑی سے لے کر پٹ فیڈر تک لوگوں کا گھر بار مال مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے لوگ کھلے آسمان تلے حکومتی امداد کے بے یارو مدد گار منتظر ہیں کمانڈر 12 کور اور صوبائی حکومت ارباب اختیار متاثرین کی مشکلات کو محسوس کرتے ہوئے انہیں خیمے اور کھانے پینے کی اشیاء مہیا کرے این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کی ٹیمیں گاڑیوں کے ذریعے فوٹو سیشن تک محدود ہو کر رہ گئیں ہیں اور مخیر حضرات سے ہماری درد مندانہ اپیل ہے کہ متاثرین کی مدد کے لئے آگے آئیں یہاں جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین روز سے جاری بارشوں کے بعد آنے والے سیلابی ریلوں نے جس طرح نصیر آباد کے علاقوں لہڑی سے لے کر پٹ فیڈر تک جو تباہی مچائی ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی سیلاب کے باعث تمام علاقے ملیا میٹ ہوچکے ہیں کچے مکانات اور گھر صفحہ ہستی سے مٹ گئے ہیں لوگ نوجوان عورتیں بچے بزرگ کوئٹہ قومی شاہراہ اور پٹ فیڈر سمیت ربیع کینال پر کھلے آسمان تلے بے یارو مدد گار شدید گرمی میں پڑے ہوئے ہیں جن کے تمام گھر بار سامان سیلاب کی نذر ہوگئے ہیں متاثرین کا کوئی پرسان حال نہیں حکومت بھی کوئی توجہ نہیں دے رہی اور نہ ہی ان کی مدد کے لئے کوئی آیا ہے ہم حکومت یا پاک فوج سے مطالبہ کریں سمجھ نہیں آ رہی کہ کس سے فریاد کریں کہ متاثرین کی داد رسی ہوسکے ہماری مخیر حضرات سے درد مندانہ اپیل ہے کہ وہ خدا راہ متاثرین کی مدد کے لئے انہیں کھانے پینے کا سامان اور خیمے فراہم کریں تاکہ لوگوں کو اس مشکل صورت حال میں مدد مل سکے انتظامیہ اس گھمبیر صورت حال میں بے بس نظر آ رہی ہے پی ڈی ایم اے اپنی نوکری بچانے کے لئے گاڑیوں میں فوٹو سیشن کرا رہے ہیں حقیقی معنوں میں متاثرین کی مدد کے لئے تا حال کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا جس کی وجہ سے متاثرین میں شدید تشویش پائی جاتی ہے