عارف علوی کا مذاکرات کی دعوت یا مشورہ مضحکہ خیز ہے، حافظ حمد اللہ
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے صدر مملکت کی جانب سے سیاسی قیادت کو مذاکرات کی پیشکش پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہےکہ عارف علوی کا تمام سیاسی قیادت کو مذاکرات کی دعوت یا مشورہ مضحکہ خیز ہے۔
ایک بیان میں حافظ حمد اللہ نے کہا کہ عارف علوی پہلے یہ عملاً ثابت کریں کہ وہ صدر پاکستان ہیں یا عمران خان کے ٹائیگر؟
انہوں نے کہا کہ عارف علوی ثابت کریں کہ وہ آئین پاکستان کے تابع ہیں یا عمران خان کے حکم کے؟حافظ حمد اللّٰہ کا کہنا ہے کہ ممنوعہ فنڈنگ فیصلے میں بھی الیکشن کمیشن نے انہیں جھوٹا ثابت کیا۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز لاہور میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا تھاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو کہتا رہتا ہوں چیزیں ٹھیک نہیں ہیں، سیاستدان ایک میز پر نہیں بیٹھ رہے، ان کو اکٹھا بٹھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے کوئی کامیابی نظر آئی تو ضرور کہوں گا کہ ایک میز پر بیٹھ جائیں، صدر کی حیثیت سے خود اکٹھا نہیں کرسکتا، کہہ ہی سکتا ہوں، پریشان ہوں اور محسوس کرتا ہوں کہ خلیج بڑھتی جا رہی ہے، اس کو کم ہونا چاہیے۔