ملک میں افراتفری کا ماحول قائم کرنے کی بجائے تمام سیاسی جماعتوں کو سنجید گی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، نواب ثناء اللہ زہری
خضدار(ڈیلی گرین گوادر) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ قومی مفادات کی خاطر ملک میں سیاست کو اس انتہاء حد تک نہ لیجایا جائے کہ جس سے واپسی ممکن نہ ہو،ذاتی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔اس وقت ملک میں مہنگائی عروج پر اور روپیہ کی قدر مستحکم نہیں ہے ایسے حالات میں ملک کی معیشت کو سدھارنے پر سب کو اپنی توانائیاں صرف کرنے اور قوم کے افراد کے چہروں پر خوشیاں لانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ ملک میں سرمائیہ کاری میں اضافہ تجارت کو فروغ اور ملکی مصنوعات کو دنیاء میں متعارف کرانے کے لئے قومی معاشی پالیسی بنانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بہت سارے وسائل سے مالامال فرمایا ہے جب کہ پاکستانی قوم تیکنیکی لحاظ سے بھی کسی سے کم نہیں ہے قوم کے ہنرمندافراد کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا کر ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی ضرورت ہے۔بہت سارا وقت ضائع ہوچکا ہے اب مستقبل کی فکر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ لوگوں کے لئے قیمتوں میں اعتدال پیدا کرکے ان کے چہروں میں خوشیوں کو بحال کیا جاسکے۔ نواب ثناء اللہ خان زہری کا کہنا تھاکہ ملک میں افراتفری کا ماحول قائم کرنے کی بجائے تمام سیاسی جماعتوں کو سنجیدہ گی کا مظاہرہ کرنا ہوگا ذاتی مفادات پر قومی مفادات کو ترجیح دیکر ہم اجتماعی قومی مفادات حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔