ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا :جام کمال خان

کوئٹہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت منعقدہ ترقیاتی امور کے جائزہ اجلاس میں رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل محکمہ خوراک، جنگلات و جنگلی حیات، بہبود آبادی پراسیکیوشن، مذہبی امور اور محکمہ سماجی بہبود کے جاری اور نئی ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری دنیش کمار، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات عبد الرحمن بزدار متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز سمیت اسپیشل سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری اطلاعات و دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں رواں مالی سال کی پی ایس ڈی پی میں شامل جاری اور نئے منصوبوں کے علاوہ 105ترجیحاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 1597 نئی اسکیمات میں سے 1392 اسکیمات پی ڈی ڈبلیو پی اور ڈی ایس سی سے منظور ہوچکی ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز کے اجراء کے حوالے سے انہوں نے آگاہ کیا کہ اب تک جاری اور نئے منصوبوں کیلئے 28 ارب روپے سے زائد کے فنڈز کا اجراء کردیاگیا ہے۔ اجلاس کو بتایا کہ 105 ترجیحاتی ترقیاتی منصوبوں میں سے 65 منصوبوں کی پی ڈی ڈبلیو پی اور ڈی ایس سی نے منظوری دیدی ہے۔ سیکرٹری خوراک نے اجلاس کو بتایا کہ رواں مالی سال کی پی ایس ڈی پی میں محکمہ خوراک کی 4 نئی اسکیمات شامل ہیں۔ محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کے حکام نے اجلاس کو 12 جاری اور ایک نئی سکیم سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ فاریسٹ سکول کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے، ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کے فیز-1 کے لیے 200 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ سیکرٹری پراسیکیوشن نے اجلاس کو فارنزک سائنس لیب کے قیام کے منصوبے کی پیشرفت سے متعلقہ آگاہ کیا۔ اجلاس کو محکمہ بہبود آبادی، سماجی بہبود اور مذہبی امور کے نئے اور جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری سے متعلق پی ڈی ڈبلیو پی اجلاس کے انعقاد میں غیر ضروری تاخیر اور عرصہ دراز سے جاری پرانی اسکیمات کی عدم تکمیل پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے ان اسکیمات کو جلد از جلد مکمل کرنے، جاری منصوبوں پر عملدرآمد کی پیشرفت میں اضافے اور نئے منصوبوں پر فوری عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے نئے ترقیاتی منصوبوں کی ٹینڈرنگ کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں منشیات کے عادی افراد کا ڈیٹا اکٹھا کرکے ان کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھانے، نئے ترقیاتی منصوبوں میں خصوصی افراد کے لیے سہولیات کی فراہمی کو مد نظر رکھتے ہوئے سکیمات تیار کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں صوبہ میں دینی تعلیم کی ترویج کیلئے اسلامک یونیورسٹی کے قیام کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے