کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی انتہائی شفیق انسان، ایک مکمل پیشہ ورفوجی اور ایماندار انسان تھے،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان عوامی پارٹی کی مرکزی نائب صدر سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے بلوچستان کے علاقے وندر کے قریب پاک فوج کے ہیلی کاپٹر حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی (تمغہ بسالت)ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈز میجر جنرل امجد ہیلی کاپٹر کے پائلٹ میجر سعید اور معاون پائلٹ میجر طلحہ 12 کور کے انجینئر بریگیڈئر خالد اور نائیک مدثر کی شہادت پردل رنجیدہ ہے۔ ہیلی کاپٹر حادثہ انتہائی افسوسناک حادثہ ہے جس پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔ انہوں نے حادثہ میں مادر وطن پر قربان ہونے والے بہادر وں کی عظیم قربانیوں کو خراجع عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی انتہائی شفیق اور ایک مکمل پیشہ ور اور ایماندار انسان تھے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کی دہشت گردی کے خلاف گراں قدر خدمات ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے ہیلی کاپٹر حادثہ کے تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں سے ہی ملک قائم ہے اور زندہ قومیں ہمیشہ اپنے شہداء کو یاد رکھتی ہیں۔ آج پاکستان محفوظ ہے اور ہم رات کو چین کی نیند سوتے ہیں تو اس کی وجہ یہ ہے کہ پاک افواج کے ان بہادر جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں تاکہ ہم سب اپنے پیارے وطن میں امن و سکون سے زندگی بسر کر سکیں۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ ساری قوم جانتی ہے کہ کہ ہمارے اصل ہیروز یہی شہداء اور غازی ہیں اور جو قومیں اپنے شہیدوں کو اور ہیروز کو بھول جاتی ہیں وہ مٹ جاتی ہیں۔ہم پاکستانی قوم اپنے شہداء کے خون کے ایک قطرے کا قرض بھی نہیں ادا کر سکتے۔جب تک دنیا قائم ہے شہید کا نام ہمیشہ چمکتا رہے گا۔ کوئی قوم اور کوئی ملک اپنے شہداء کی قربانی کا صلہ پیش نہیں کر سکتا۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ یہ ملک وطن کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک افواج کے جوانوں اور بہادر پاکستانی شہریوں کی قربانیوں کی وجہ سے قائم ہے جو دشمنوں کے آگے سیسہ پلائی دیواربن کر کھڑے ہیں اور ہمیشہ دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ہے۔یہ پاک فوج ہی ہے جو ملک کے ہر گوشے میں سیلاب ہو، طوفان ہو، حادثہ ہو، زلزلہ آئے یا کوئی آفت آئے فوج ہر دشوار گزار کٹھن راستوں سے ہو کر قوم کے لئے پہنچ جاتی ہے۔ ہماری بہادر افواج نے ملکی دفاع کے لیے ہر دور میں قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور ملکی سلامتی کے لئے پاک فوج نے ہمیشہ پیشہ ورانہ فنی و جری صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دفاع وطن کے لیے قربانیاں دینے والوں کے جذبے کو دیکھیں تو انہیں اپنی بہادر افواج پر فخر محسوس ہوگا کہ دشمنوں کی عددی برتری کے باوجود ملک و قوم کی سلامتی کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے پاک افواج کے جوانوں اور ان کے جذبے کے آگے دشمنوں کی عددی و فوجی سازوسامان کی برتری کوئی حیثیت نہیں رکھتی۔سینیٹر ثمینہ زہری نے مزید کہا کہ جس طرح پاک افواج کو اندرونی و بیرونی دشمنوں کا سامنا ہے اور جس طرح فوج کو ہمہ وقت مختلف محاذوں پر لڑنا پڑتا ہے جس میں چاروں طرف ملکی بارڈرز کی حفاظت سمیت اندرونی و بیروزنی سازشوں کا مقابلہ کرنا ایک بہت مشکل صورتحال ہے جس سے پاک فوج احسن طریقے سے نمٹ رہی ہے وہ انتہائی قابل ستائش امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان سارے عوامل کو دیکھا جائے تو یہ کہنا بالکل صحیح ہوگا کہ افواج پاکستان ملکی سلامتی کی ایک اہم اکائی و مسلمہ حقیقت ہے۔پاک فوج جس طرح ملک و قوم کی حفاظت کر رہی ہے یہ صرف اللہ کی مدد اور جذبہ ایمانی ہی سے ممکن ہے۔ پاک افواج کا جذبہ ایمانی اور وطن سے محبت کی مثال کہیں نہیں ملتی۔پاک افواج کی وطن کے لئے قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور ملکی سلامتی کے معاملے پر پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والوں کے لئے دعا کی اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور پسماندگان کو یہ بڑا صدمہ صبر و ہمت سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔