خانہ کعبہ کے اطراف حفاظتی حصار ختم

حرمین الشریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ ڈاکٹر شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے کہا ہے کہ خانہء کعبہ کے اطراف سے حفاظتی رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں۔حرمین الشریفین جنرل پریذیڈنسی کی ویب سائٹ کے مطابق ڈاکٹر شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے زائرین کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ خانہء کعبہ کے اطراف جو رکاوٹیں حفاظتی تدبیر کے طور پر قائم کی گئی تھیں.ایوان شاہی نے انہیں ہٹانے کی منظوری دے دی ہے۔ خانہء کعبہ کے اطراف رکاوٹوں کی وجہ سے زائرین حجر اسود کو بوسہ دینے، ملتزم پر دعائیں مانگنے اور حطیم میں نماز ادا کرنے سے محروم تھے۔ رکاوٹیں قائم کرنے سے قبل زائرین حطیم میں نماز بھی ادا کرتے تھے۔ ملتزم پر جا کر دعائیں بھی مانگتے تھے اور حجر اسود کو بوسہ دینے کی سنت بھی ادا کر پاتے تھے۔ڈاکٹر شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے کہا کہ حرمین الشریفین کی جنرل پریذیڈنسی نے عمرہ زائرین کے استقبال کے لیے مسجد الحرام میں تمام ذمے دار اداروں کو ہوشیار کر دیا ہے۔ حرمین الشریفین انتظامیہ اعلیٰ قیادت کی خواہشات کے عین مطابق عمرہ زائرین کو تمام سہولتیں فراہم کرنے کے لیے جملہ وسائل وقف کیے ہوئے ہے۔انتظامی سربراہ اعلیٰ ڈاکٹر شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے حرمین الشریفین سے غیر معمولی عقیدت اور ان سے متعلق امور میں خصوصی دلچسپی لینے پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے