محرم الحرام میں امن کو قائم کرنا تمام مکاتب فکر کے علماء اورقوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے ٗمولانا سید محمد عبدالخبیرآزاد
کوئٹہ:مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین سفیر امن و خطیب امام بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید محمد عبدالخبیرآزاد نے کہاہے کہ محرم الحرام میں امن کو قائم کرنا تمام مکاتب فکر کے علماء اورقوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے صحابہ کرامؓ،اہل بیتاطہار ؓ کی عزت و تکریم ہماری عقیدت کا محور ہے ہم ایک متحد قوم بن کر ہی دشمن کو شکست دے سکتے ہیں بھارت اور مودی کا ناپاک ایجنڈا پاکستان میں نہیں چلنے دیں گے افواج پاکستان اور سیکورٹی اداروں نے بے مثال قربانیاں دیکرملک کے دفاع کو مضبوط بنایا ہے پیغام پاکستان پاکستان کا وہ ضابطہ اخلاق ہے جس کو عام کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر مولانا انوارالحق حقانی، ڈاکٹر عطاء الرحمن، قاری عبدالرشید، مفتی محمداحمد خان،مولانا مفتی جان محمد قادری، علامہ سید ہاشم موسوی،علامہ قربان علی توسلی،مولانا سید نقیب اللہ آغا،قاری عبدالحفیظ،علامہ شہزاد، مولانا سیدعتیق الرحمن شاہ، مفتی مہراللہ، صاحبزادہ سید حبیب اللہ شاہ چشتی،مولانا عبدالواحد صدیقی، مولانا عبدالمنان،مولانا سید نقیب اللہ آغاسردارمحمداقبال خجی، مفتی روزی خان، سید شبیر شاہ چشتی اوردیگر ک ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان متحد ہے اور ہمیشہ متحد رہے گا دشمن طاقتوں کا ناپاک ایجنڈا کامیاب نہیں ہونے دیں گے ہم ایک متحد قوم بن کر ہی دشمن کو شکست دے سکتے ہیں دشمن طاقتیں ہمیں لڑا کر انتشارپیدا کرکے کمزور کرنا چاہتی ہیں ان کا مقصداپنے ناپاک ایجنڈے اورسازشوں کو کامیاب کرنا ہے جوکہ ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے ہمیں چاہئے کہ ہم اسلام کے پیغام اخوت،محبت،رواداری اوراتحاد کو سامنے رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد واستحکام اور بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی کی ضرورت ہے ہم نے اپنے اتحاد اور داخلی استحکام کے ذریعے دشمن کو شکست دینی ہے علماء کرام محرم الحرام میں خصوصی طور پردشمن کی سازشوں پرنظر رکھیں انتشار اورعدم استحکام کی ہرسازش کو اپنے اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے ناکام بنادیں اسلام کا پیغام بھی ہم سب کو متحد رکھنے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ مثالی خلوص اور محبت اپنے دلوں میں رکھتے ہیں بلوچستان کے عوام غیور ایماندار اور محب وطن ہیں اورانشاء اللہ پیغآم پاکستان پاکستان کا وہ عظیم بیانیہ ہے جس کو ہم ہر گھر کی آواز بنادیں گے پیغام پاکستان کی روشنی میں جو ضابطہ اخلاق تیارکیا گیا ہے اس کو عام کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اورپیغام پاکستان کے فروغ کیلئے علما کرام،ممبر و محراب سے آگاہی کو پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ صحابہ کرامؓ،اہل بیت اطہارؓ کی تکریم ہماری عقیدت کا محور ہے محرم الحرام میں قیام امن کے لئے اتحاد بین المسلمین کا مظاہرہ کیا جائے جوکہ وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان اور سیکورٹی اداروں نے بے مثال قربانیاں دیکر ملک کے دفاع کو مضبوط بنایا ہے اور پوری قوم کی دعائیں ہماری بہادر مسلح افواج کے ساتھ ہیں انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کیلئے علماء ہر قربانی دیں گے دشمن کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھارت اور مودی کا ناپاک ایجنڈا کامیاب نہیں ہونے دیں گے اورہم نے پہلے بھی انڈیا کی سازشوں کو ناکام بنایا ہے انڈیا سن لے کہ بلوچستان کے لوگ غور اور محب وطن ہیں انڈیا کی سازشوں کو انڈیا کے منہ پر ماریں گے۔