چیف آف سراوان سابق وفاقی وزیر و گورنر بلوچستان شہید نواب غوث بخش رئیسانی کی بیوہ انتقال کرگئیں
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) چیف آف سراوان سابق وفاقی وزیر و گورنر بلوچستان شہید نواب غوث بخش رئیسانی کی بیوہ انتقال کرگئیں۔ مرحومہ کو شہداء کے پہلو میں آسودہ خاک کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کی علی الصبح سابق وفاقی وزیر و گورنر بلوچستان چیف آف سراوان شہید نواب غوث بخش رئیسانی کی بیوہ چیف آف سراوان سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ورکن بلوچستان اسمبلی نواب محمد اسلم خان رئیسانی، نوابزادہ اسد اللہ رئیسانی،نوابزادہ میر بابو جان رئیسانی، شہید میر اسماعیل خان رئیسانی، سابق سینیٹر و سینئر سیاستدان نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی، شہید نوابزادہ میر سراج خان رئیسانی کی والدہ نوابزادہ ہمایون جوگیزئی کی خوشدامن، نوابزادہ میر یادگار رئیسانی، میر رئیس رئیسانی، میر سخی بخش رئیسانی، شہید میر اکمل خان رئیسانی، نوابزادہ جمال رئیسانی، میر اسماعیل رئیسانی، میر عبداللہ رئیسانی کی دادی خالق حقیقی سے جا ملیں۔ مرحومہ کے جسد خاکی کو سینکڑوں گاڑیوں کے قافلے میں آبائی علاقے کانک منتقل کیا گیا جہاں کانک اسٹیڈیم میں مرحومہ کی نماز جنازہ ادا کی گئی، نماز جنازہ میں قبائلی عمائدین، سیاسی کارکنوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ بعد ازاں مرحومہ کو شہداء قبرستان کانک میں شہداء کے پہلو میں آسودہ خاک کیا گیا مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے تعزیت کا سلسلہ سراوان ہاؤس کوئٹہ میں جاری ہے۔ دریں اثناء سراوان ہاؤس کانک اور سراوان ہاؤس کوئٹہ میں ہزاروں کی تعداد میں شہریوں نے نواب محمد اسلم خان رئیسانی، نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی، نوابزادہ جمال خان رئیسانی و دیگر پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔