کراچی میں 200 ملی میٹر تک بارش کی پیش گوئی
کراچی (ڈیلی گرین گوادر)کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، شیرشاہ نالے سے پانی اوور فلو ہونے سے پراچہ چوک کا راستہ بند ہوگیا۔
سندھ بھر سمیت کراچی میں بارشوں کا نیا سسٹم پہنچ چکا ہے جو کہ شہر کے اوپر ہی براجمان ہے، کراچی میں رات گئے سے ہلکی اور تیز بارش کے سبب سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہری گھروں میں محصور ہوگئے جب کہ متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔اطلاعات ہیں کہ اسکیم 33، ایف بی ایریا، نارتھ کراچی، نیو کراچی، ناظم آباد، محمد علی سوسائٹی، بہادرآباد، پی آئی بی کالونی، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر، پی ای سی ایچ ایس اور ملحقہ علاقوں میں بارش کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش قائد آباد میں 55 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، پی اے ایف بیس مسرور پر 48، اورنگی ٹاؤن میں 45، کیماڑی 42، گلشنِ حدید 36، ناظم آباد 29، نارتھ کراچی 26، کورنگی24، سعدی ٹاؤن21 ملی میٹر، ایئرپورٹ اولڈ ایریا 18، ڈی ایچ اے فیز ٹو17، جناح ٹرمینل 16، صدر 9 ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ 20، پی اے ایف فیصل بیس 19 اور گلشنِ معمار 18 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
مون سون کا سسٹم داخل، سیلابی صورتحال: تھرپارکرکی تحصيل اسلام کوٹ اور گردونواح میں شدید بارش کا سلسلہ اب ایک وقفے وقفے سے جاری ہے، نشیبی علاقے زیر آب، گھروں میں پانی داخل,اب تک 200 ملی میٹر سے زائد بارش ہو چکی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ 200 ملی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے جبکہ شہریوں کو بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بارشوں کا موجودہ سسٹم منگل کے روز تک کراچی سمیت سندھ بھر میں موجود رہ سکتا ہے۔
دوسری جانب حیدرآباد، سانگھڑ، تھرپارکر، میرپورخاص، ہالہ، نیو سعید آباد ، ٹنڈو آدم، شہدادپور سمیت سندھ کے متعدد علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی ہے اور اس کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوچکی ہے۔
تھرپارکر کی تحصيل اسلام کوٹ اور گردونواح میں شدید بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، بارشوں کے سبب یہاں کے نشیبی علاقے زیر آب آچکے ہیں، گھروں میں پانی داخل ہوچکا۔ اطلاعات ہیں کہ اب تک یہاں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ہو چکی ہے۔