شدید طوفانی ہواؤں اور بارشوں سے صحبت پورٹرانسمیشن لائن کے4 ٹاورزگرگئے
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے ترجمان نے کہا ہے کہ جمعرات اورجمعہ کی درمیانی شب صحبت پورکے علاقوں میں شدید طوفانی ہواؤں اور بارش کے باعث132KVٹھل۔صحبت پورٹرانسمیشن لائن کے4ٹاورزگرگئے ہیں جن میں 3ٹی بی اے ٹاورزجبکہ ایک ایچ پول شامل ہیں۔ٹاورزگرنے کی وجہ سے صحبت پور گرڈ اسٹیشن کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ کیسکوکے شعبہ گرڈسسٹم کنسٹرکشن (جی ایس سی) اورگرڈسسٹم آپریشن (جی ایس او) نے جمعہ کے روزہنگامی بنیادوں پر سامان کی منتقلی کا عمل شروع کردیا تاہم گرے ہوئے ٹاوروں کی جگہ پر بارش کا پانی زیادہ ہونے کے سبب مرمتی و تنصیبی کام میں مشکلات کاسامناکرناپڑرہاہے۔ ترجمان نے کہاہے کہ کیسکوکی کوشش ہوگی کہ متاثرہ ٹاوروں کی مرمت، تنصیب اور بحالی کاکام جلد مکمل کرکے صحبت پور گرڈاسٹیشن کو بجلی کی فراہمی بحال کردی جائے گی۔ کیسکونے بارشوں اورطوفانی ہواؤں کے باعث ٹاوروں کے گرنے کی وجہ سے صحبت پور کے تمام صارفین سے بجلی بندش پر معذرت کی ہے۔