بلوچستان میں جاری بارشوں کے باعث مزید 7افراد جاں بحق،اموات کی تعداد 82ہوگئی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان میں جاری بارشوں کے باعث مزید 7افراد جاں بحق اموات کی تعداد 82ہوگئی 5ہزار سے زائد مکانات تباہ جبکہ خضدار، آواران، لسبیلہ اورقلات کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ برقرار ہے۔محکمہ پی ڈی ایم اے بلوچستان کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پیر کو بلوچستان میں جاری بارشوں کے باعث مزید 7افراد کی اموات کی تصدیق ہوئی جس کے بعد ابتک ہونے والی اموات کی تعداد 82جبکہ زخمیوں کی تعداد 60ہوگئی ہے، رپورٹ کے مطابق صوبے میں 5ہزار سے زائد مکانات تباہ ہونے کی اطلاع ملی ہے جن میں سے 3128کی تصدیق ہوگئی ہے صوبے میں 2536مکانات مکمل طور پر تباہ جبکہ 592کو جزوی نقصان پہنچا ہے اب تک بارشوں سے سب زیا دہ مالی نقصان ضلع واشک میں ہوا ہے جہاں 2080مکانات اور 550کلو میٹر سڑکیں مکمل طور پر تباہ ہوئی ہیں اسکی طرح 150مویشی ہلاک،18سو سولر پینل،240بورنگ، 1لاکھ 97ہزر 9سو ایکڑ فصلوں کو نقصان ہوا ہے، رپورٹ کے مطابق صوبے میں اب تک مجموعی طور پر 706مویشی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 9پلوں کو نقصان پہنچا ہے پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24گھنٹون میں پشین اور موسیٰ خیل کے لئے 200ٹینٹ، 400ترپال، 200چٹائیاں، 200کمبل، 400مچھر دانیاں، 300جری کین، 300پیکٹ خوراک ارسال کردی گئی ہے۔ دوسری جانب پیر کو بلوچستان میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہا اس دوران پنجگور میں 15، لسبیلہ،تربت میں 10، گوادر میں 09،پسنی میں 06، جیوانی،بار کھان میں 02 خضدار، لسبیلہ میں 01ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی محکمہ موسمیات کے مطابق آج منگل کوصوبے کے بیشتر اضلاع موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم خضدار،قلات،لسبیلہ،خاران، مکران،تربت،آواران،پنجگور، جیوانی اورگوادر میں تیز ہواوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔