لیفٹیننٹ کرنل لئیق مرزا جیسے بہادر سپوتوں پر ملک اور قوم کوفخر ہے، سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے زیارت میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل لئیق اور ان کے ساتھی کے اغواء اور شہادت پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہارکیا ہے۔انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاحت کی غرض سے زیارت جانے والے لیفٹیننٹ کرنل لئیق اوران کے کزن کے دہشت گردوں کے ہاتھوں اغواء اور شہادت کاواقعہ انتہائی افسوس ناک عمل ہے اور اس مکروہ کارروائی میں ملوث عناصر کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچا دیا جائے گا۔ لئیق مرزا جیسے بہادر سپوتوں پر ملک اور قوم کوفخر ہے۔ اس طرح منفی ہتھکنڈے اور بزدلانہ کارروائیاں پاک فوج اور قوم کے دہشت گردی کے خلاف عزم و حوصلے کو پست نہیں کر سکتیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ واقعہ سمیت دہشت گردی کے دیگر واقعات میں بھارت نواز قوتیں ملوث ہیں جبکہ بھارت کی جانب سے پاکستان کیخلاف خاص کر بلوچستان میں دہشت گردی کے لئے دہشت گرد تنظیموں کو سپانسر کیا جاتا ہے جس کا اعتراف بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیونے خود اپنے بیان میں کیا۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ بھارت جان لے کہ ہم نڈر اور بے خوف پاکستانی قوم ہیں جس کی حفاظت الحمداللہ پاک فوج کر رہی ہے جس کے ہوتے ہوئے کوئی بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتاپاک فوج کے جوانوں کا وطن کے لیے خود کو وقف کرنے کا عہدہی دشمنوں کے لئے خوف کی علامت ہے پاک فوج ہمارا فخرہے جس نے دہشتگردی پر قابو پا کر وطن کی سرحدوں کا بھرپور دفاع کیا۔انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم ملکی سلامتی و بقاء کے موقف پر متفق اور متحد ہے اور دنیا کی کوئی طاقت متحد قوم کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا سکتی بحیثیت قوم نظم و ضبط اور یگانگت پر ساری دنیا پاکستان کی معترف ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کی جانب سے ایک بار پھر ملک میں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت امن و امان کی صورتحال کو خراب کی سازش کی جارہی ہے تاکہ ملکی صورتحال کا فائدہ اٹھا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کر سکیں جو کہ شکست خوردہ عناصرکی جانب سے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی ناکام کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ دشمن اور مفاد پرست عناصر مادر وطن پاکستان کی تعمیر و ترقی و خوشحالی اور امن و امان کی صورتحال سے خوش نہیں اور اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے گھناؤنی کارروائیاں کرتے ہیں لیکن الحمداللہ پوری قوم، پاک افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسز نے ہمیشہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر ان کی بیخ کنی کی ہے۔پاک افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسزنے بڑی قربانیوں کے بعد ملک سے دہشت گردی کو ختم کیا ہے اور دہشت گردی اور ملک میں امن وامان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ممکن بنانے کے لئے ہمہ وقت اپنا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے پوری قوم خاص کر نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کہا کہ ہم سب کا قومی فریضہ ہے کہ امن و امان کی بہتری اور وطن کی حفاظت کے لئے اپنا اپنا کردارادا کریں اور دشمنوں کو باور کرادیں کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف متحد پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے ایسے بزدلانہ واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔انہوں نے زیارت واقعہ میں شہید ہونے والوں کے ورثاء سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور ورثاء کو صبر جمیل عطا فرمائے۔