بلوچستان کے لوگوں کوسترسال سے ناانصافیوں کا سامنا ہے، جہانزیب جمالدینی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے کہا ہے کہ شہید ملک نوید دہوار نے سیاسی و قومی جدوجہد میں متحرک کردار ادا کیا ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، وطن کی آسودگی اور یہاں کے لوگوں کیلئے جدوجہد ہمارا قومی فریضہ ہے قومی جدوجہد کے سفر میں جتنی بھی قربانیاں دینی پڑیں دیں گے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، ان خیالات کا اظہار بی این پی کے قائم مقام صدر ملک عبدالولی کاکڑ، سابق سیکرٹری جنرل و مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی، مرکزی لیبر سیکرٹری موسیٰ بلوچ، خواتین سیکرٹری رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار، مرکزی ہیومن رائٹس سیکرٹری رکن بلوچستان اسمبلی احمد نواز بلوچ ضلع کوئٹہ کے صدر غلام بنی مری، ثانیہ حسن کشانی، ملک محی الدین لہڑی، علی احمد قمبرانی و دیگر نے بدھ کو بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام پارٹی رہنماء شہید ملک نوید دہوار اور شہید ظریف دہوار کی 5 ویں برسی کے موقع پر کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر شہید ملک نوید دہوار کے والد ملک نورجان دہوار، کمیل دہوار،مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر جاوید بلوچ، حاجی ولی محمد لہڑی، آغا خالد شاہ دلسوز، چیئرمین واحد بلوچ، امبر زہری، شمائلہ اسماعیل منگل، پروین لانگو، ضلعی پروفیشنل سیکرٹری غلام مصطفی سمالانی، خواتین سیکرٹری منورہ سلطانہ، انسانی حقوق سیکرٹری پرنس رزاق بلوچ سمیت پارٹی کے، ضلعی عہدیدار، یونٹ و ڈپٹی یونٹ سیکرٹریز اور مرکزی کونسلران بھی موجود تھے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائم مقام صدر ملک عبدالولی کاکڑ نے ملک نوید دہوار سمیت قومی حقوق کی جدوجہد میں شہید ہونے تمام شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کو ستر سال سے ناانصافیوں کا سامنا ہے جمہوری ادوار ہوں یا آمریت ہو بلوچستان کے لوگ مصائب و تکالیف برداشت کرتے آرہے ہیں شہید ملک نوید دہوار نے پارٹی کے سیاسی و قومی جدوجہد میں فعال اور متحرک کردار ادا کرتے ہوئے پارٹی کی فعالیت میں اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائے ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گاانہوں نے کہا کہ بی این پی نے ہمیشہ مظلوم قوموں کے حقوق کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے ظلم و جبر، سماجی ناانصافیوں، قومی نا برابری کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے ہرقسم کی سختیاں، قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن قومی حقوق پر کبھی کسی قسم کی سودے بازی نہیں کی اب بھی بلوچستان میں ہزاروں لوگ لاپتہ ہیں یہاں سیاسی کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی لیکن آج تک کسی بھی کارکن یا رہنما کے قاتل گرفتار نہیں ہوسکے۔ پارٹی کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن سابق سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے کہا کہ وطن کی آسودگی اور یہاں کے لوگوں کیلئے جدوجہد ہمارا قومی فریضہ ہے یہ کسی پر احسان نہیں انہوں نے کہا کہ سرزمین کے لئے جدوجہد کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے کسی بھی چیز کو خاطر میں لائے بغیر آگے بڑھ رہے ہیں انہوں نے پارٹی رہنما?ں و کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کو سائنسی بنیادوں پر استوار اور اسٹڈی سرکلز کے انعقاد کو یقینی بنائیں تاکہ پارٹی کے ساتھی شعوری انداز میں آنے والے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی تیاری کرسکیں۔پارٹی مرکزی لیبر سیکرٹری موسیٰ بلوچ نے ملک نوید دہوار اور ظریف دہوار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی شہداء کی جماعت، ایک نظریہ اور سوچ کا نام ہے صوبے کے اجتماعی قومی حقوق ساحل وسائل پر دسترس قومی شناخت کے تحفظ کیلئے پارٹی کے مرکزی قائدین سے لیکر کارکنوں تک نے جانوں کے نذرانہ پیش کیے ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرینگے، انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت اور کارکنوں نے قومی حقوق کی جدوجہد کی پاداش میں جیل و زندان سمیت مختلف مصائب کا سامنا کیا مگر اپنے قومی جدوجہد سے نہ پہلے دستبردار ہوئے اور نہ آئندہ دستبردار ہونگے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کی خواتین سیکرٹری رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے ملک نوید دہوار کو ان کی قومی و سیاسی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ مجھے ایک شہید کی بیوہ ہونے پر فخر ہے ملک نویددہوار نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے مادر وطن کا معمولی قرض اتارا ہمیں مزید قربانیاں دینی پڑیں تو اس سے بھی دریغ نہیں کریں گے،انہوں نے کہاکہ ملک نوید دہوار شہید ان کے سیاسی استاد اور رفیق تھے انہوں نے انہیں حالات کے سامنے جھکنے کے بجائے لڑنا سکھایا وہ ان کے مشن سوچ اور نظریے کو لیکر آگے بڑھ رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ ملک نوید کا نام جڑا ہے جنہوں نے کبھی ذاتی مراعات اور مفادات کیلئے اپنے ضمیر کا سودا نہیں کیا اور وراثت میں میرے لئے بلوچستان نیشنل پارٹی کی شکل میں ایک خاندان چھوڑ کرگئے جس نے ہمیشہ میرے ساتھ رہتے ہوئے میرا حوصلہ بنی، انہوں نے کہا کہ میں بلوچستان کی قرضدار ہوں قومی جدوجہد کے اس سفر میں جتنی بھی قربانیاں دینی پڑیں ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹوں گی۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان نیشنل پارٹی کی سیاست کا مقصد روڈ، گلیاں اور سڑکیں تعمیر کرنا نہیں بلکہ صوبے کے حقوق اور یہاں کے لوگوں کی آسودگی کیلئے جدوجہد کرنا ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ اس موقع پربی این پی کی ضلعی سیکرٹری اطلاعات نسیم جاوید ہزارہ نے قرارددیں پیش کیں ایک قرارداد میں کہا گیا کہ یہ تعزیتی ریفرنس شہید ملک نوید دہوار، شہید ظریف دہوار کو ان کی پانچویں برسی پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ شہید سعید بلوچ کے قاتلوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے، تمام لاپتہ افراد کو بازیاب کرکے انہیں عدالت میں پیش کیا جائے، ایک اور قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ کوئٹہ میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا اور عوام کو اس اذیت سے نجات دلائی جائے، حالیہ بارشوں سے کوئٹہ میں جو نقصانات ہوئے ہیں ان کا فوری ازالہ کیا اور سیلابی پانی کے انخلاء کے نظام کو موثر کیا جائے، ایک قرارداد میں پیٹرولیم مصنوعات اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کو فوری طور پر قابو کر عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ کیا گیا تمام قراردادوں کی شرکاء نے ہاتھ اٹھاکر منظوری دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے