وزارت اطلاعات اور پاک فوج کا قیام پاکستان ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کیلئے پلان کا جائزہ
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وزارت اطلاعات و نشریات اور پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ملک بھر میں قیام پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات شایان شان طریقے سے منانے کے لئے پلان کا جائزہ لیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے اجلاس میں شرکت کی ہے۔ ڈائمنڈ جوبلی کے جشن کو قومی یک جہتی، اتحاد اور یگانگت کے فروغ کا یادگار موقع بنایا جائے گا۔ تقریبات میں ملک بھر کی تمام ثقافتوں اور وفاق پاکستان کے تمام رنگوں کو شامل کیا جائےگا ۔ نوجوانوں کی جشن آزادی تقریبات اور مقابلوں میں بھرپور شرکت یقینی بنائی جائےگی۔
اجلاس میں قیام پاکستان کی 75 ویں سالگرہ کے حوالے سے مجوزہ تقریبات اور تیاریوں کے انعقاد کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں وزارت اطلاعات و نشریات اور آئی ایس پی آر کی طرف سے 75 سالہ تقریبات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جشن آزادی کے موقعے پر ملی نغموں کے مقابلے اور اس میں حصہ لینے والوں سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیاگیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ملی نغمے کے مقابلوں میں حصہ لینے کی تاریخ 30 جون مقرر کی گئی تھی۔ یکم سے 9 جولائی تک مقابلوں میں شریک ہونے والوں کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا۔ شارٹ لسٹ کئے جانے والوں کو اسلام آباد بلایا جائے گا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مقابلہ جیتنے والے امیدوار کا ملی نغمہ 11 سے 14 اگست تک قومی نشریاتی رابطے پر نشر ہو گا۔ دنیا بھر میں تمام پاکستانی سفارت خانوں میں بھی 75 ویں سالگرہ کے حوالے سے تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے ملک گیر تقریبات کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ وزیر اطلاعات کی قومی تقریبات کی تیاریاں کرنے والی ٹیموں اور ڈیپارٹمنٹس کے جذبے کی تعریف کی۔