پنجاب میں 100 یونٹ بجلی مفت کرنے پر الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ کو طلب کرلیا
لاہور(ڈیلی گرین گوادر) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں 100 یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کو طلب کرلیا۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب ضمنی انتخابات کے حوالے سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملے پر وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف کو نوٹس جاری کر کے انہیں 7 جولائی کو جواب کے لیے طلب کرلیا۔الیکشن کمیشن نے وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف کے ’روشن گھرانہ پروگرام‘ کے تحت بجلی صارفین کے لئے 100 یونٹ سبسڈی ریلیف پیکج کے حوالے سے نوٹس دیا۔
ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق الیکشن شیڈیول کے اعلان کے بعد حکومت مذکورہ حلقوں میں کسی ترقیاتی اسکیم کا اعلان نہیں کرسکتی۔واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک روز قبل ریلیف پیکج کا اعلان کیا تھا جس کے تحت 100 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے گھرانوں کو مفت بجلی کی فراہمی کا اعلان کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران 100 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے بجلی کے بل حکومت اپنی جیب سے ادا کرے گی۔