بلوچستان کے نوجوان ہمارے روشن مستقبل کے ضامن اور ہمارا سرمایہ ہیں،سینیٹر ثمینہ ممتا ز زہری
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ کسی بھی قوم میں نوجوان طبقہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور مستقبل کے لئے نوجوانوں کی صحیح سمت رہنمائی ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے ایک وفد سے ملاقات میں کیا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان ہمارے روشن مستقبل کے ضامن اور ہمارا سرمایہ ہیں۔ہمارے نوجوان کسی صورت کسی سے کم نہیں بات صرف مواقع ملنے کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان ہمارے آنے والے مستقبل کے معمار ہیں۔بلوچستان کی دیرپا اور تیز رفتار ترقی میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ بندوق کے زور پر کبھی بھی اپنے حقوق حاصل نہیں کئے جاسکتے جبکہ بندوق کی بجائے قلم وقت کی ضرورت ہے کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔بلوچستان کے نوجوان ہر شعبے میں اپنی فنی و علمی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور دنیا بھر میں اپنے پیارے وطن پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوا ن باشعور ہو چکا ہے اوراسے اپنے اچھے برے کی پہچان ہے اور انہیں اچھی طرح معلوم ہونا چاہئے کہ قوموں کی ترقی اور مستقبل کا دارومدار نوجوانوں پر ہوتا ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے مقابلے کے دور میں جو قوم اپنے نوجوانوں پر توجہ دے گی اور ُان کی صحیح سمت رہنمائی کرے گی وہی قوم دنیا کے نقشے پر کامیابی کے جھنڈے گاڑھے گی اور ترقی کرے گی۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ ہمارے چند ناراض اور بھٹکے ہوئے نوجوان دوسروں کے بہکاوے میں آ کر غلط راہ پر چل رہے ہیں جو کہ سراسر دھوکہ اور سراب ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان نوجوانوں کو صحیح سمت دکھائی جائے اور وطن سے محبت اور اس کے لئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانا ہی صحیح سمت ہے۔ہم امید کرتے ہیں کہ بھٹکے ہوئے نوجوان اپنے دل کی آواز سنیں گے اپنی سوچ کو بدلیں گے اور دشمنوں کی چالوں میں نہیں آئیں گے۔اپنی بھرپور صلاحیتیں اپنے وطن پاکستان کے لئے استعمال کریں گے اور ملکی دھارے میں شامل ہو کر وطن کے لئے خدمات سرانجام دیں گے۔ اس مقصد کے لئے پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ نوجوان نسل کو تعلیم کی طرف راغب کیا جائے اور بلوچستان کے عوام کو پسماندگی سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے اس کے لئے بلوچستان میں نوجوانوں کے لئے اعلیٰ تعلیم فنی تعلیم کے مواقع پیدا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان تعلیم سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی میں اپنا لوہا منوار ہے ہیں اب انہیں اپنے اچھے برے کا اچھی طرح معلوم ہے۔ہے آج کا پڑھا لکھا نوجوان ہی ہمارے آنے والے کل کی بنیاد اور مستقبل کا معمار ہے اور کل انہی نوجوانوں نے بلوچستان کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے امید ظاہر کی کہ انشاء اللہ تعالیٰ بلوچستان کے نوجوان اپنی علمی و فنی صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے معاشرے کی ترقی اورروشن مستقبل کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور ہرشعبے میں علمی و فنی تعلیم حاصل کر کے دنیا کے لئے اعلیٰ مثال قائم کریں گے اور آئندہ آنے والی نسلوں کے لئے ایک نئی راہ متعین کریں گے۔