خود ساختہ جلاوطنی ختم، وطن واپسی پر بابر غوری کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار
کراچی (ڈیلی گرین گوادر) امریکا میں 7 سالہ خود ساختہ جلاوطنی کے بعد وطن لوٹنے والے ایم کیو ایم کے رہنماء بابر غوری کو کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔حیدر عباس رضوی کے بعد ایم کیوایم کے ایک اور سینئر رہنما بابر خان غوری کی طویل خود ساختہ جلا وطنی کے بعد پاکستان واپسی ہوگئی۔
2015 سے امریکا میں مقیم بابر خان غوری کو کراچی ائیر پورٹ پر گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ بابر غوری کرپشن مقدمات میں نیب کو مطلوب ہیں جبکہ ان کا نام ماضی میں کئی اہم کیسز میں بھی شامل ہے۔
سابق وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ کے خلاف تحقیقات ایم کیویم لندن کے بدنام زمانہ دہشتگرد صولت مرزا کے بیان کے بعد شروع کی گئی تھی جبکہ سندھ ہائی کورٹ نے دو مقدمات میں ان کی 14 روز کی حفاظتی ضمانت پانچ جولائی تک منظور کی تھیں۔