عوام نے جو مینڈیٹ دیا اوربھروسہ کیا ہے اسے کسی بھی صورت ٹھیس نہیں پہنچائیں گے، سردار صالح بھوتانی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی صدر و سینئر صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی میں عوام کی جوق در جوق شمولیتیں اس بات کی غمازی کرتی ہیں کہ بی اے پی عوام میں مقبول ترین جماعت ہے جو عوامی مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے، عوام نے جو مینڈیٹ دیا اور بھروسہ کیا ہے اسے کسی بھی صورت ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو بی اے پی کے رہنماء حاجی فوجان بڑیچ کی رہائشگاہ پر کلی دیبہ کے معتبرین اور سماجی رہنماؤں کی بی اے پی میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر وزیراعلیٰ کے پولیٹیکل سیکرٹری ملک خدابخش لانگو،حاجی فوجان بڑیچ، شاہ زمان غلزئی نے بھی خطاب کیا تقریب میں بی اے پی کے رہنماء فتح جمالی، روز اے جان، علی سلیمان خان، ارباب شائستہ خان، علی کاکڑ،عبدالرحمن درانی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ سینئر صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی ایک خوبصورت گلدستے کی مانند جماعت ہے جس میں تمام اقوام کو برابر کی نمائندگی حاصل ہے بی اے پی کا روز اول سے یہ عہد رہا ہے کہ بلوچستان کی محرومیوں کے خاتمے کے لئے ضروری ہے کہ تمام اقوام اور علاقوں کو برابر کی ترقی دی جائے یہی وجہ ہے کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں صوبے کے تمام حلقوں کو یکساں اور ضروریات کے مطابق اسکیمات دی گئی ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کی کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں مقبولیت کی اضافہ ہورہا ہے لوگوں کی بڑی تعداد میں شمولیت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ عوام نے بی اے پی کے پیغام، منشور اور مشن کو قبول کیا ہے اور یہی وہ جماعت ہے جو عوام کے مسائل کو بہتر انداز میں حل کر سکتی ہے۔