میونسپل کمیٹی لورالائی کے وارڈ نمبر 4 اور پانچ پرری پولنگ
لورالائی(ڈیلی گرین گوادر) میونسپل کمیٹی لورالائی وارڈز نمبر 4 اور 5 پر ری پولنگ کے سلسلے میں پولنگ کا عمل اپنے مقررہ وقت پر شروع کیا گیا۔ سیکورٹی کے فل پروف انتظامات کیے گئے تھے۔ کمشنر لورالائی ڈویڑن شاہد اللہ خان، ڈپٹی کمشنر عتیق الرحمٰن شاہوانی اور اسسٹنٹ کمشنر بوری جمیل احمد بلوچ نے پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا۔ سیکورٹی کی نگرانی ایس ڈی پی او سردار نصراللہ حمزازئی اور ڈی ایس پی عثمان غنی خود کر رہے تھے۔ لیویز اور پولیس کی بھاری نفری پولنگ اسٹیشن کے باہر اور اندر تعینات کی گئی تھی۔ یاد رہے کہ 29 مئی کے روز وارڈ نمبر 4 اور 5 خواتین پولنگ اسٹیشن پر لڑائی اور تھوڑ پھوڑ کی وجہ سے پولنگ کا سلسلہ بند کرنا پڑا اور مزکورہ وارڈ پر دوبارہ انتخاب کا شیڈول جاری کیا گیا۔وارڈ نمبر 4 پر پیپلز پارٹی کے امیدوار صحبت خان حمزازئی اور بلوچستان عوامی پارٹی کے عبدالوالی کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوا۔بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار عبدالوالی جس کو پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی حمایت حاصل تھی، نے 87 جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار صحبت خان کاکڑ نے 85 ووٹ حاصل کئے۔ وارڈ نمبر 5 پر جمعیت علماء اسلام کے مولوی جمال الدین اور بلوچستان عوامی پارٹی کے عجب خان کے درمیان مقابلہ ہوا۔ جمعیت علماء اسلام کے مولوی جمال الدین نے 313 جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار 168 ووٹ حاصل کئے۔ یوں وارڈ نمبر 5 جمعیت علماء اسلام کے مولوی جمال الدین نے باری اکثریت سے جیت لیا۔ یاد رہے بلوچستان عوامی پارٹی کو پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی حمایت بھی حاصل تھی۔