بلوچستان کابینہ نے قومی شاہراہوں پرسیکورٹی فورسزکی تعیناتی کے حوالے سے پیش ایجنڈہ کی منظوری دی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت منگل کو صوبائی کابینہ کااجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں جاری وفاقی و صوبائی ترقیاتی منصوبوں اور قومی شاہراہوں کی سیکورٹی کا جائزہ لیاگیا ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ و قبائلی امور کی جانب سے کابینہ کو سیکورٹی امور پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ترقیاتی عمل کو بلا رکاوٹ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار اور صوبے کی قومی شاہراہوں اور ترقیاتی منصوبوں کو فول پروف سیکورٹی کی فراہمی کے لئے موثر اقدامات سے اتفاق کیا گیا۔کابینہ کی محکمہ داخلہ کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں اور قومی شاہراہوں پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کے حوالے سے پیش ایجنڈہ کی منظوری دی گئی قومی شاہراؤں کی تعمیر کے وفاقی منصوبوں کو سیکورٹی صوبائی حکومت دے گی جسکے اخراجات این ایچ اے ادا کریگا۔۔کابینہ نے صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کی بہتری اور دیرپا امن کے قیام کے لئے سیکورٹی فورسز کے مابین مربوط کوارڈینیشن کے قیام پر زور دیا گیا کابینہ کو کوسٹل ہائی وے پولیس کے قیام کے منصوبے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی کا بینہ نے نارکوٹکس ایکٹ 1997 کے تحت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں کو خصوصی کورٹ کے اختیار دینے کی منظوری بھی دیدی۔