عبدالاکبر چترالی حکومتی بنچز پر بیٹھیں ورنہ ان کیخلاف ریفرنس آسکتا ہے،ایاز صادق

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن رکن عبدالاکبر چترالی کو نشانے پر رکھ لیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا تو اس میں مولانا عبدالاکبر چترالی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 37 صفحات پر مشتمل سینیٹ سفارشات اس ایوان میں بھجوائی گئی ہیں ، ایوان بالا میں سینئر ممبرز کے ساتھ بڑی تعداد میں علماء و مشائخ بھی موجود ہیں لیکن افسوس کی بات ہے کہ انہوں بھی اس ملک کو کھوکھلا کرنے والے سودی نظام کے خلاف کوئی سفارش تک نہیں بھجوائی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان ناکافی ہے، کم از کم 30 یا 20 فیصد تنخواہ بڑھنی چاہیے تھی، پنشن میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا جائے، چینی سے بننے والی تمام چیزوں پر ٹیکس میں اضافہ کیا جائے ، 30 فیصد شوگر کے مریض چینی والی اشیاء استعمال کرتے ہیں، جس کے سبب دل اور شوگر کے امراض بڑھ رہے ہیں اس لئے اس پر ٹیکس بڑھایا جائے۔

ایاز صادق نے جماعت اسلامی کے واحد رکن قومی اسمبلی عبدالاکبر چترالی سے کہا کہ آپ کو کرسی عزیز ہے یا حلقے کے عوام کے مسائل اہم ہیں، چترالی صاحب کو فیصلہ کرنا ہو گا،آپ کو ہمارے ساتھ بیٹھنا چاہیے، عبدالاکبر چترالی کے خلاف ریفرنس بھی تیار ہے، لیکن یہ سب کے دوست ہیں اس لئے کارروائی نہیں کر رہے۔ایاز صادق نے کہا کہ اگرعبدالاکبر چترالی حکومتی بنچز پر نہیں بیٹھیں گے تو ریفرنس بھی آسکتا ہے، ہمارے ساتھ بیٹھیں، مل کر وزیر خزانہ مفتاح صاحب سے مسائل حل کروائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے