وزیراعظم کا دورہ گوادر، 100میگاواٹ ٹرانسمیشن لائن کا سنگ بنیاد رکھ دیا
گوادر(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر میں 100 میگاوٹ کی ایران مکران ٹرانسمیشن لائن کا سنگ بنیاد رکھ دیا، انہوں ںے ماہی گیروں کو کشتیوں کے انجن فراہم کرنے کا اعلان کیا ساتھ ہی 100 بستروں پر مشتمل اسپتال بھی بنایا جائے گا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر گوادر پہنچے۔ ان کے ہمراہ وفاقی وزرا اسعد محمود، سید نوید قمر، شاہزین بگٹی، احسن اقبال، آغا حسن بلوچ، خرم دستگیر، وزیرِ مملکت ڈاکٹر مصدق ملک، معاونینِ خصوصی طارق فاطمی اور سید فہد حسین بھی موجود تھے۔
قائم مقام گورنر بلوچستان جان محمد جمالی اور وزیرِ اعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے صوبائی وزراء کے ہمراہ وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔اس موقع پر وزیرِ اعظم نے گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور انڈس اسپتال کے درمیان گوادر میں 100 بستروں پر مشتمل بین الاقوامی معیار کے اسپتال کے لیے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی سرپرستی کی۔ گوادر میں بین الاقوامی معیار کا یہ اسپتال مقامی لوگوں کو علاج و معالجے کی معیاری سہولیات فراہم کرے گا۔
اسپتال کی جلد تکمیل کے بعد اس کا انتظام انڈس اسپتال سنبھالے گا۔ گوادر کے لوگوں کو علاج و معالجے کے لیے بڑے شہروں میں جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔وزیرِ اعظم نے گوادر بندرگاہ کے دورے کے بعد گوادر بزنس سینٹر میں مقامی ماہی گیروں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں ںے ماہی گیروں کی کالونی کے لیے 200 ایکڑ اراضی مختص کرنے کا اعلان کیا۔
وزیراعظم نے ماہی گیروں کو کشتیوں کے انجن فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ انہیں انجن میرٹ کی بنیاد پر فراہم کیے جائیں گے۔دریں اثنا وزیرِ اعظم نے 100 میگاواٹ ایران مکران ٹرانسمیشن لائن کا سنگِ بنیاد بھی رکھا اور کہا کہ یہ منصوبہ چند ماہ میں مکمل ہوجائے گا جس سے بجلی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔