آٹھ سال ہوگئے اور نولانگ ڈیم پر کام مکمل نہ ہو سکا، وفاقی وزیر آبی وسائل
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے نولانگ ڈیم بلوچستان پر میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ آٹھ سال ہوگئے اور نولانگ ڈیم پر کام مکمل نہ ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمیں سست روی سے نکلنا ہوگا تاکہ ملک کو تیز ترین ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی تھے تو نولانگ ڈیم کے مسئلے کو حل کیا گیا تھا مگر یہ ڈیم آج بھی وہیں کھڑا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس ڈیم کی جلد از جلد تکمیل کو ممکن بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں آنے والی ہر رکاوٹ کو وہ ذاتی طور پر حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیمز ہماری ترقی کیلئے ناگزیر ہیں اور ان کی تعمیر کے سلسلے میں کسی دانستہ رکاوٹ کو حائل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ نولانگ ڈیم جھل مگسی سے 25 کلو میٹر کے فاصلے پر بلوچستان میں دریائے مولا پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ 242،163 ایکڑ فٹ کی سٹوریج کا حامل یہ ڈیم 4700 ایکڑ کمانڈ ایریا پر مشتمل ہے اور اپنی تکمیل کے بعد یہ 4 میگاواٹ بجلی پیدا کرسکے گا۔