عوام کے عزت نفس کی بحالی کے لیے صوبے سے غیرضروری چیک پوسٹوں کا خاتمہ کیا، میرعبدالقدوس بزنجو
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے بجٹ اجلاس میں بجٹ برائے مالی سال 2022-23 کی متفقہ طور پر منظوری دے دی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعلی نے تمام کابینہ اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہر ممکن کوشش کی ہے کہ بجٹ عوام دوست بنایا جائے اور تمام ساتھیوں کو آن بورڈ لیا جائے اور ایک ایسا بجٹ پیش کیا جائے جو حقیقی معنوں میں بلوچستان کے مسائل پر توجہ دے وزیر اعلی نے کہا کہ ہمارا صوبہ رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہے اور ہم آدھا پاکستان ہیں ہم نے بجٹ میں ان اضلاع کو بھی ترقی دینی ہے جو دوردراز اور پسماندہ ہیں انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اپوزیشن کے حلقے بھی متاثر نہ ہو اور اپوزیشن کے حلقوں کے عوام کے مسائل بھی حل کئے جائیں وزیراعلی نے کہا کہ یہ بجٹ گزشتہ تمام بجٹ سے مختلف اور اچھا ہوگا کیونکہ اس میں ہم نے تمام ساتھیوں اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی ہے ہم نے ایک مثال قائم کرنی ہے کہ ہم جو تبدیلی لائے ہیں وہ تبدیلی ترقی اور خوشحالی کی جانب سفر ہے انہوں نے کہا کہ ہماری ناکامی سے صوبے کے عوام کا پیسہ ضائع ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایک پسماندہ صوبہ ہے جہاں وسائل کی کمی ہے اور یہاں صنعتیں نہ ہونے کی وجہ سے روزگار کے مسائل بھی ہیں انہوں نے کہا کہ ہم نے بارڈر کے تجارت سے وابستہ افراد کے روزگار کو تحفظ فراہم کیا ہے کیونکہ جب تک ہم ان کے لیے کسی متبادل روزگار کا بندوبست نہیں کرتے ہم ان کے روزگار کو خراب نہیں کر سکتے انہوں نے کہا کہ عوام کے عزت نفس کی بحالی کے لیے ہم نے صوبے سے غیر ضروری چیک پوسٹوں کا خاتمہ کیا اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں انٹر شپ پروگرامز بھی رکھے ہیں وزیر اعلی نے کہا کہ ہم نے صوبے کی ترقی کے لئے تاریخی ریکوڈک معاہدہ کیا اور اس حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیا اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ صوبے کے مفادات کا تحفظ کیا جائے انہوں نے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر کریں اور اگر کہی کوئی کمی بیشی ہو اسے دور کریں وزیر اعلی نے اس موقع پر محکمہ خزانہ کو بہترین بجٹ بنانے پر مبارک باد دی اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزراء نے کہا ہے وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں آئندہ مالی سال کا بجٹ عوام دوست ہوگا اور عوام کی جانب سے بھی وزیراعلی کے جرات مندانہ فیصلوں اور بے لوث قیادت کو سراہا جائے گا۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ نے کابینہ کی منظوری سیبجٹ دستاویزات پر دستخط کر کے سیکریٹری خزانہ کے حوالے کئے۔