آل پارٹیز کانفرنس ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش تھی: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش تھی، عدالتوں اور فوج کو بدنام نہیں ہونے دیں گے۔ پاکستان کی مسلح افواج قومی سلامتی کی ضامن ہیں۔ ن لیگ نے ایک بار پھر بھارتی ایجنڈے کو فروغ دیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن کی اے پی سی، قرارداد اور ملکی سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا اپوزیشن کی اے پی سی ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش تھی، پاکستانی فوج قومی سلامتی کی ضامن ہے، بیرون ملک ایک پوری لابی پاک فوج کے خلاف سرگرم عمل ہے، ملکی اداروں کو بدنام کرنے کی سازش ناکام بنائیں گے۔

قبل ازیں مشیر پارلیمانی امور بابراعوان سے ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا اے پی سی میں پوری اپوزیشن قوم کے سامنے بے نقاب ہوئی، یہ نیب اور تحقیقاتی اداروں کو مطلوب افراد کی کانفرنس تھی، قومی ادارے قابل احترام ہیں، ادارے ایک پیج پر ہیں اور ملک کے اتحاد کی ضمانت ہیں۔

وزیراعظم نے کہا نواز شریف کی تقریر مجھے کیوں نکالا کا پارٹ ٹو تھی، تقریر کے ذریعے ان کی اصلیت پوری قوم کے سامنے آئی، احتساب کا عمل جاری رہے گا، نہ پہلے بلیک میل ہوئے نہ اب ہوں گے۔

وزیراعظم سے آرمی چیف کی ملاقات،ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ایک اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں وفاقی کابینہ کے ارکان اور دیگر حکام شریک تھے۔ اس موقع پر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی جارحیت پر بریفنگ دی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے