بلوچستان کا مالی سال2021-22ء کا بجٹ 20جون کو پیش کیا جائیگا جو عوام دوست بجٹ ہوگا،سردار عبدالرحمن کھیتران

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) صوبائی وزیرخزانہ اورتعمیرات ومواصلات سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا ہے کہ بلوچستان کا مالی سال2021-22ء کا بجٹ 20جون کو پیش کیا جائیگا جو عوام دوست بجٹ ہوگا،بجٹ میں بلوچستان اسمبلی کے 65حلقوں کو برابری کی بنیاد پر فنڈز دیئے جائیں گے،بلوچستان عوامی پارٹی کا مرکزی کنونشن 19جون کو ہوگا جس میں مرکزی صدر اور جنرل سیکرٹری کا انتخاب عمل میں لایا جائے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو اپنے دفتر میں صحافیوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ میرعبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں اپنا پہلا مالی سال2022-23ء کا بجٹ 20جون کوپیش کرے گی جو عوام دوست بجٹ ہوگاجس میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی محدود وسائل کی وجہ سے آئندہ مالی سال کابجٹ خسارے کابجٹ ہوگا تاہم موجودہ حکومت کی جانب سے ریکوڈک معاہدے کے بعد آئندہ سالوں میں بہتر بجٹ پیش کرنے کی پوزیشن میں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ نے اپنے دور میں من پسند حلقوں کو نواز اور بعض کو فنڈز نہیں دیئے لیکن اپوزیشن حلقوں کوبری طرح نظر انداز کیا گیا لیکن موجودہ حکومت تمام حلقوں کو یکساں بنیادوں پر فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کی زیادہ سے زیادہ خدمت کریں اور ماضی کی غلطیوں کو نہ دہرایا جائے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہتے کہ ہم آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بلوچستان کی 74سالہ محرومیوں کا خاتمہ کریں لیکن یہ ہماری کوشش ہوگی کہ عوام کی پہلے سے بہتر انداز میں خدمت کریں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کا مرکزی کنونشن 19جون کو کوئٹہ میں ہوگا جس میں نئے مرکزی صدر اور جنرل سیکرٹری کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے