بلوچستان محل وقوع کے اعتبار سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان نہ صرف اپنے محل وقوع کے اعتبار سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے بلکہ یہاں بین الاقوامی اور قومی سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے وسیع و پرکشش مواقع بھی موجود ہیں اور بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے بلوچستان پہلی ترجیح ہے۔ صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کا قومی پیداوار میں اضافے اور روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرنے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور ہمسایہ ممالک کی تجارتی منڈیوں تک رسائی کے روشن امکانات ہیں۔ پاک چین اقتصادی راہداری انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے اور اسکے دوسرے مرحلے میں اقتصادی تعاون کے وسیع مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اپنے ایک بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ پاکستانی اور چینی کاروباری اداروں کی شراکت قائم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جارہا ہے اور سی پیک کی ترقی کا یہ سفر اپنی تمام تر افادیت کے ساتھ مسلسل جاری ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے زراعت، ٹیکسٹائل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں کا خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان شعبوں میں چینی اور پاکستانی اداروں کی شراکت داری دونوں ممالک کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگی اس لیے ان شعبوں کے مواقع پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے اور یہی وجہ ہے کہ دشمن نہیں چاہتا کہ سی پیک منصوبہ کامیاب ہو۔دشمن آئے روز بلوچستان سمیت ملک بھر میں لازوال پاک چین دوستی کو مزید مضبوط کرنے والے مشترکہ مفادات کے منصوبے سی پیک کو سبوتاژ کرنے کے لئے بزدلانہ کارروائیاں کرتا ہے لیکن پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی فورسز نے ہر موقع پر وطن کی حفاظت اور مفادات کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے دے کر دشمنوں کے عزائم خاک میں ملائے ہیں اور دشمنوں کوہمیشہ منہ کی کھانا پڑی ہے۔ہمارے انہی اداروں کی بے بہا قربانیوں اور کاوشوں کی بدولت سی پیک تکمیل کے مراحل طے کرتے ہوئے تیزی سے اپنی منزل کی جانب گامزن ہے اور بہت جلدیہ منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا جس سے بلوچستان کے لئے ترقی کے نئے باب کھلیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان اپنے محل وقوع کی بناء پر خطے میں نہایت اہمیت کا حامل ہے یہاں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور صوبہ تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہا ہے سی پیک منصوبے میں بلوچستان کا اہم کردار ہے سی پیک کے تحت منصوبوں کی تکمیل سے پورے خطے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے اور اس کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ سی پیک منصوبہ جلد اپنے اہداف پورے کر لے گا۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ صوبہ بلوچستان خطہ کا ایک اہم حصہ ہے۔سی پیک کے تحت منصوبوں کی تکمیل سے پورے خطے میں ترقی کا نیا دور شروع ہو گا اور انشاء اللہ آنے والے وقتو ں میں بلوچستان ساری دنیا کے لئے مثالی اور اہم کردار ادا کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے