بلوچستان میں منشیات واسلحہ فروشوں اوربدعنوانی کے خلاف منظم جدوجہد کی ضرورت ہے،مولانا عبدالحق ہاشمی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ بلوچستان میں منشیات واسلحہ فروشوں اوربدعنوانی کے خلاف منظم جدوجہد کی ضرورت ہے قوم کومنشیات فروشوں نے تباہ کرکے رکھ دیا ہے روزگاروحکومتی رٹ نہ ہونے کی وجہ سے منشیات کے لت میں نوجوان مبتلاہورہے ہیں۔سیکورٹی فورسزمیں معمولی الیکٹرونکس سامان پر جرمانہ وسزاتوملتی ہے لیکن منشیات واسلحہ کے کام کرنے والے آزادمعمولی رشوت وبھتہ دیکر غیر قانونی کام کر رہے ہیں۔بلوچستان کے لاکھوں نوجوان منشیات کے ناسورمیں مبتلا ہیں بدقسمتی سے حکمرانوں کو بھی یہ نظر نہیں آرہا جماعت اسلامی منشیات فروشوں ومنشیات کے خلاف ہر فورم پر آوازبلند کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ بدعنوانی نے اداروں کو تباہ بلوچستان اورملک کو گداگربنا دیا ہے جبکہ بے روزگاری نے نوجوانوں کو بے راہ روی ومنشیات کی طرف دھکیل دیاہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 2021ء میں نامساعد حالات اوربہتر مستقبل کی خاطر پاکستان چھوڑ کر جانے والوں کی تعداد میں 27.6فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ ایک سال کے دوران 2لاکھ 86ہزار افراد بیرون ممالک کا رخ کرگئے ہیں۔ بدقسمتی سے بلوچستان کے نوجوانوں کو تو بیرون ملک جانے کے وسائل بھی نہ ہونے کے برابر ہیں اس کے باوجودبلوچستان سے 54ہزار سے زائد افراد ملک چھوڑ کر باہر چلے گے ہیں۔ بلوچستان کے عوام پر زراعت،تجارت بند اور پٹرول کا واحد کاروبار رہ گیا اس میں بھی رشوت،بھتہ کی رکاوٹیں ڈالی جارہی ہے جو لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی طرح موجودہ اتحادی حکومت کے پاس بھی کوئی معاشی وژن نہیں۔ پاکستان تحریک انصاف اورپی ٹی ایم جماعتوں نے ملک کو دیوالیہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ عوام نے ان سب کو آزمالیا ہے مگر کوئی بھی عوامی توقعات پر پور ا نہیں اترا۔ اسلامی نظام کے نفاذ،سماجی خدمات کے شعبہ جات، ترقی اور معیشت کی بحالی کے لیے کسی قسم کی کوئی سنجیدگی نہیں دکھائی گئی۔حکمرانوں کی لوٹ مار غیر سنجیدگی کی وجہ سے عوام کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔ لوگ اپنے معاشی حالات سے تنگ آکر خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں ملک میں سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ قرضوں کے پہاڑ کھڑے کر دیے گے ہیں، مگر ملک میں خوشحالی نظر آتی ہے اور نہ ہی عوام کی زندگیوں میں آسودگی نظر آتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے