شام میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے پی آئی اے کے انتظامات مکمل
کراچی (ڈیلی گرین گوادر) شامی دارالحکومت میں قائم ایئرپورٹ پر اسرائیلی فوج کی بمباری کے سبب پروازیں معطل ہیں جس کے باعث سیکڑوں پاکستانی بھی وہاں پھنسے ہوئے ہیں۔
شام میں پاکستان کے سفیر کی استدعا پر قومی ایئرلائن(پی آئی اے) نے طیارہ بھیجنے کے انتظامات کرلیے ہیں، پی آئی اے کی پرواز دمشق کے بجائے اب شہر حلب کے لیے آپریٹ ہوگی۔
پاکستانی سفیر نے سی ای او پی آئی اے اور حکومت پاکستان کو مکتوب لکھا جس میں شام میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے شامی شہر حلب پروازیں بھیجنے کا کہا گیا جس پر وزیر ہوابازی کی خصوصی ہدایات پر پی آئی اے نے 13 جون کو پرواز بھیجنے کے انتظامات کرلیے ہیں۔پہلے مرحلے میں دمشق سے بذریعہ بس پاکستانیوں کو حلب منتقل کیا جائے گا جہاں سے پی آئی اے کا طیارہ ان کو وطن واپس لے آئے گا۔
وزارت ہوابازی کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی پروازوں کی وجہ سے تمام زائرین 24 گھنٹوں کے اندر وطن پہنچنا شروع ہو جائیں گے، پی آئی اے ایک قومی ادارہ ہے اور ہمیشہ ایسے مواقعوں پر اپنی خدمات کو ملک کیلئے پیش کرتا ہے۔