ہمارے معاشرے میں معذور افراد کے ایونٹس کا انعقاد اور رحجان نہ ہونے کے برابر ہے،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ نے اپنے ایک پیغام میں حکومت بلوچستان کی جانب سے معذور افراد کے لئے اسپورٹس فیسٹیول کے انعقاد کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے معذور افراد کے لئے ایک احسن قدم اٹھاتے ہوئے اسپورٹس فیسٹیول منعقد کیا ہے جو کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی دفعہ ہو رہا ہے انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرے میں معذور افراد کو ہمیشہ سے نظر انداز کیا جاتا ہے جس سے یہ طبقہ احساس محرومی کا شکار ہوکر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کی ہمت کھو دیتا ہے۔اس طرح کے اقدامات سے معاشرے کا یہ طبقہ بھی دیگر طبقات کی طرح اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے معاشرے کے کارآمد شہری بننے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرسکتے ہیں اور جس سے وہ بھی معاشرے کا ایک اہم حصہ تصور ہونگے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی معذور افراد کے لئے بہت سے ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا جس سے معذور افراد ضلعی صوبائی، نیشنل اور انٹرنیشنل سطح پر اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں معذور افراد کے ایونٹس کا انعقاد اور رحجان نہ ہونے کے برابر ہے لیکن کوشش ہے کہ یہ ایونٹس تحصیل اور یونین کونسل لیول پر بھی منعقد ہوں اور معذور افراد کو بھی معاشرے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرنے کا موقع برابری کی سطح پر میسر ہو انہوں نے معذور افراد کے لئے فیسٹیول کے انعقاد پر سیکرٹری اسپورٹس اسحاق جمالی کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ وہ مستقبل میں بھی اس طرح کے ایونٹس منعقد کرواکر اپنا مرکزی کردار ادا کرتے رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے