بلوچستان اسمبلی اجلاس کوہ سلیمان میں آگ سے متاثرہ علاقے کی بحالی کیلئے اقدامات کے حوالے سے قرارداد منظور
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں کوہ سلیمان میں آگ سے متاثرہ جنگل اورعلاقے کی بحالی کیلئے اقدامات کے حوالے سے قرارداد منظورکرلی گئی،قائم مقام اسپیکر سردار بابر موسی خیل نے آگ لگنے کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کی ہدایت کردی بلوچستان اسمبلی کا اجلا س ہفتہ کو قائم مقام اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بار خان موسیٰ خیل کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پشتونخوامیپ کے نصر اللہ زیرئے نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ9مئی کو ضلع شیرانی کے کوہ سلیمان میں چلغوزے اور دیگر جنگلات میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور مسلسل دو ہفتوں تک آگ کی وجہ سے لاکھوں درخت جن میں چلغوزے اور دیگر درخت شامل تھے جل کر خاکستر ہوگئے۔ جس کی بناء پر وہاں کے عوام کو اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے اگر ایک جانب مالی نقصانات ہوئے ہیں تو دوسری جانب محولیات پر اس کے بہت برے اثرات پڑے ہیں۔ گزشتہ سالوں کی خشک سالی اور قحط نے بھی صورتحال کو مزید خراب کردای ہے۔ لہٰذا یہ ایوان صوبائی حکومت سے سفارش کرتا ہے کہ وہ وفاقی حکومت سے رجوع کرے کہ وہ کوہ سلیمان کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے متاثرہ لوگوں اور علاقے میں دوبارہ جنگلات و درخت اگانے کے لئے عملی اقدامات اٹھانے کو یقینی بنائے تاکہ مذکورہ علاقے میں دوبارہ مثبت اثرات رونما ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات میں لگنے والی آگ کے باعث نہ صرف لوگوں کا معاشی نقصان ہوا بلکہ ماحولیات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہمارا مطالبہ ہے کہ سب سے پہلے تو آگ لگنے کے واقعے کی تحقیقات کرائی جائیں اس کے بعد علاقے کے لوگوں کا جو نقصان ہوا ہے اس کا ازالہ کیا جائے علاقے میں درخت اگائے جائیں۔ ہم کہتے ہیں کہ آگ لگنے کی وجہ جو بھی ہو لیکن اس سے ہونے والا نقصان متعلقہ حکام کی غفلت کے باعث ہوا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کوہ سلیمان میں لگنے والی آگ کی تحقیقات کے لئے جوائنٹ انویسٹی گیشن کرائی جائے۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے خلیل جارج نے قرار داد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ چلغوزے اور زیتون کے جنگلات بڑے پیمانے پر تباہ ہوئے لوگوں کا معاشی نقصان ہوا ہے قرار داد منظور کی جائے اور متاثرین کی امداد کی جائے۔ ڈپٹی سپیکر سردار بابرخان موسیٰ خیل نے ایوان کی مشاورت سے قرار داد کی منظوری کی رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ شیرانی اور موسیٰ خیل کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے بہت زیادہ نقصان ہوا ہے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی فاتحہ خوانی پر بھی گیا اور علاقے کا تفصیلی دورہ بھی کیا ہے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں آگ بجھانے کے آلات کی خریداری کے لئے رقم رکھی جائے گی انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وہ جلد وزیراعلیٰ بلوچستان سے بھی ملاقات کریں گے اور کوشش کریں گے کہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں بھی اس حوالے سے رقم مختص کی جائے۔