معاشرے سے ہراسگی جیسے ناقابل قبول اخلاقی جرائم کی حوصلہ شکنی کیلئے وکلاء کا تعاون باعث اطمینان ہے،صوبائی خاتون محتسب
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان میں صنفی بنیادوں پر ہراسگی کے تدارک اور خواتین کو ہر شعبہ زندگی میں کام کے مقامات پر سازگار ماحول کی فراہمی کے لئے صوبائی خاتون محتسب سیکرٹریٹ اور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے شعوری آگاہی کی بھرپور ترویج، متاثرین کی قانونی معاونت اور انسداد ہراسگی قوانین پر عمل درآمد پر اتفاق کا اظہار کیا ہے سوموار کو صوبائی خاتون محتسب صابرہ اسلام نے ہائیکورٹ آف بلوچستان میں ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عبدالمجید کاکڑ ایڈوکیٹ و دیگر عہدیداروں راشد الرحمن ایڈوکیٹ ، منظور بلوچ ایڈوکیٹ سے ملاقات کی اور انسداد ہراسگی آرڈیننس 2016 پر عمل درآمد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ملاقات میں معاشرے میں ہراسگی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے تدارک کیلئے ہرسطح پر اقدامات کو موثر بنانے پر اتفاق کا اظہار کیا گیا اور کثیر الجہتی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے صدر عبدالمجید کاکڑ نے اپنی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے خاتون محتسب صابرہ اسلام کو یقین دلایا گیا کہ بلوچستان میں انسداد ہراسگی قوانین پر عمل درآمد کے لئے وکلاء ہر ممکن تعاون کریں گے اور خاتون محتسب سیکرٹریٹ کو بھرپور سپورٹ کرتے ہوئے منفی پروپیگنڈہ کرنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائیگی اس کے علاوہ ہراسگی سے متاثرہ افراد کی قانونی معاونت کے لئے بھی کلیدی کردار ادا کیا جائیگا اور متاثرین کی قانونی معاونت و داد رسی کے لئے اندرون بلوچستان ضلعی سطح پر بھی وکلاء تنظیم بھرپور تعاون کرے گی اس ضمن میں خواتین وکلاء کو بھی کار خیر کے اس مشن میں شامل رکھ کر مطلوب اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائیگا اس موقع پر انسداد ہراسگی قوانین 2016 سے متعلق شعوری آگاہی کے لئے سیمنار کے انعقاد پر بھی مشاورت کی گئی خاتون محتسب صابرہ اسلام نے ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے سے ہراسگی جیسے ناقابل قبول اخلاقی جرائم کی حوصلہ شکنی کے لئے وکلاء کا تعاون باعث اطمینان ہے دریں اثناء خاتون محتسب صابرہ اسلام نے ہائیکورٹ میں سابق گورنر و سابق چیف جسٹس بلوچستان جسٹس(ریٹائرڈ) امان اللہ خان یاسین زئی، سابق جج جسٹس ریٹائرڈ کیلاش ناتھ کوہلی، جسٹس ریٹائرڈ احمد خان لاشاری، اور شوکت رخشانی ایڈوکیٹ سے بھی ملاقات کی اور بلوچستان میں انسداد ہراسگی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا سابق جج صاحبان نے صوبائی خاتون محتسب صابرہ اسلام کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بلوچستان کی خواتین کو ہراسگی سے تحفظ دینے کے لئے اقدامات کو اطمیان بخش قرار دیا اور معاشرے سے ہراسگی جیسے سنگین جرم کے خاتمے کے لئے انسداد ہراسگی آرڈیننس پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا، بلوچستان ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے خاتون محتسب صابرہ اسلام کو سوئنیر پیش کیا گیا۔