ملتان: گرفتاریاں ہمیں خوفزدہ نہیں کر سکتیں :موسیٰ گیلانی

ملتان: میں پی ڈی ایم جلسے سے قبل پیپلز پارٹی کے گرفتار سابق ایم این اے موسیٰ گیلانی اور ان کے ساتھیوں کی ضمانت منظور کر لی گئی۔

موسیٰ گیلانی کو آج بروز جمعرات تھانہ چہیلیک پولیس نے ساتھیوں سمیت اسپیشل مجسٹریٹ جواد ظفر کی عدالت میں پیش کیا جہاں اسپیشل مجسٹریٹ نے موسیٰ گیلانی سمیت تمام گرفتار افراد کی ضمانت منظور کر لی۔

موسیٰ گیلانی پر کار سرکار میں مداخلت اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا۔

ملتان میں گزشتہ روز پی ڈی ایم جلسے کے سلسلے میں ریلی نکالی گئی جس پر سابق ایم این اے موسیٰ گیلانی کو کارکنوں سمیت گرفتار کیا گیا تھا۔

موسیٰ گیلانی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد احاطہ عدالت میں جمع تھی اور نعرے بازی کرتی رہی جب کہ ضمانت منظور ہونے پر موسی گیلانی کو پھولوں کے ہار بھی پہنائے گئے۔

اس موقع پر موسیٰ گیلانی کا کہنا تھا کہ گرفتاریاں ہمیں خوفزدہ نہیں کر سکتیں اس سے ہمارے حوصلہ اور بلند ہوئے ہیں، 30 نومبر کو ہر حال میں پی ڈی ایم جلسہ ہو گا اور کارکن تیار رہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے