بلوچستان ہائی کورٹ کا چیف سیکرٹری سمیت دیگر حکام کو طلبی کے نوٹس

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جناب جسٹس نعیم اخترافغان اور جسٹس جناب جسٹس روزی خان بڑیچ پر مشتمل ڈویژنل بینچ نے چیف سیکرٹری،وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری،صوبائی سیکرٹریز برائے پی ایچ ای،خزانہ،منیجنگ ڈائریکٹر واسا اور آپریشن ڈائریکٹر کیسکوکو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیسکو کو حکم دیاہے کہ وہ فوری طورپرواسا ٹیوب ویلز کی بجلی بحال کرے تاکہ کوئٹہ کے باشندے پینے کے پانی کی سہولت سے محروم نہ رہیں۔یہ حکم ڈویژنل بینچ نے گزشتہ روز درخواست گزار عباس علی کی جانب سے ان کے وکیل سید نذیرآغا اور جہانگیر خان مندوخیل کی جانب سے دائر آئینی درخواست کی سماعت کے موقع پر دیا۔سماعت کے دوران سید نذیرآغا ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایاکہ محکمہ واسا اور پی ایچ ای کے ٹیوب ویلز کو کوئٹہ کے شہریوں کو پانی فراہم کررہے تھے کیسکو حکام کی جانب سے بجلی منقطع کردی گئی ہے جس کی وجہ سے شہری پانی کی سہولت سے محروم ہوگئے ہیں ہماری معلومات کے مطابق 20مئی 2022ء کو محکمہ واسا کی جانب سے 75ملین روپے کا چیک کیسکو کو ادا کردیاگیاہے لیکن اس کے باوجود محکمہ واسا کے ٹیوب ویلز کی بجلی بحال نہیں کی گئی ہے جس کی وجہ سے کوئٹہ کے شہری پانی کی قلت کے باعث تکلیف کاسامنا کررہے ہیں جس پر عدالت نے فوری طورپر کیسکو حکام کو طلب کرلیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے