صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرلیا
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل طلب کرلیا۔ صدر مملکت عارف علوی نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرلیا ہے، اجلاس 26 مئی بروز جمعرات سہ پہر 4 بجے طلب کر کیا گیا ہے، اور آئین کے آرٹیکل 54(1) کے تحت طلب کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اہم قانون سازی کے لئے طلب کیا گیا ہے، اجلاس میں کشمیری حریت رہنما یاسین ملک سے اظہار یکجہتی کے ساتھ متفقہ قرارداد بھی منظور کی جائے گی، ملکی معیشت کو درپیش مسائل اور حل بھی ہم ترین مشترکہ اجلاس کا اہم ایجنڈا ہوگا، حکومت مشترکہ اجلاس سے انتخابی اصلاحات کا بل بھی منظور کراکر قانون بنانا چاہے گی، نیب اصلاحات بل بھی مشترکہ اجلاس میں پیش کئے جانے کا بھی پلان ہے، اوورسیز پاکستانیز کے ووٹ کے حق کے حوالےسے بھی اہم ترمیمی بل بھی آنے کا قوی امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے اپنے تمام اتحادی ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹ کو حاضری یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں، کل کے اجلاس میں وزیراعظم میاں شہباز شریف سمیت اہم اتحادی رہنما بھی شریک ہوں گے، ملک میں امن و امان کی صورتحال، پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سمیت دیگر امور پر بھی زیر بحث آنے کا امکان ہے، جب کہ مشترکہ اجلاس سے وزیراعظم میاں شہباز شریف کے خطاب کا بھی خطاب کا امکان ہے۔