انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر وزیراعظم اور پی ٹی آئی کو نوٹس جاری
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) انٹرا پارٹی الیکشن نہ کروانے پر الیکشن کمیشن حرکت میں آگیا، وزیراعظم و مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور تحریک انصاف کو فائنل نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔مسلم لیگ ن کے انٹرا پارٹی الیکشن نہ کروانے پر الیکشن کمیشن نے وزیراعظم شہباز شریف کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ کیوں نہ پارٹی نشان کے حصول کے لئے ن لیگ کو نااہل قرار دیا جائے۔
شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ مسلم لیگ ن کی انٹراپارٹی الیکشن کروانے کی مقررہ تاریخ 13 مارچ 2022 تھی، ن لیگ کی درخواست پر 14 مئی تک انٹراپارٹی الیکشن کروانے کی آخری تاریخ دی گئی تھی، لیکن مسلم لیگ ن نے تاحال الیکشن کمیشن کو انٹراپارٹی الیکشن کروانے کا سرٹیفکیٹ مہیا نہیں کیا۔
انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر پاکستان تحریک انصاف کو بھی فائنل نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں لکھا ہے کہ پی ٹی آئی کی انٹرا پارٹی الیکشن کروانے کی مقررہ تاریخ 13جون 2021 تھی، پارٹی درخواست پر 13 جون 2022 تک کا ٹائم دیا گیا ہے، انٹراپارٹی الیکشن کروانے کے لیے مزید وقت نہیں دیا جائے گا۔