کراچی یونیورسٹی دھماکا، خودکش بمبار کی معاون خاتون کا خاکہ جاری
کراچی (ڈیلی گرین گوادر)کراچی یونیورسٹی خودکش دھماکا کیس کی تحقیقات میں پیشرفت سامنے آئی ہے اور پولیس نے خود کش بمبار خاتون کی معاونت کرنے والی خاتون کا خاکہ تیار کر لیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق تحقیقاتی اداروں نے بم حملے کی ممکنہ معاون خاتون کا خاکہ تیار کر لیا ہے۔ تحقیقاتی اداروں کی جانب سے تیار کیا گیا ممکنہ معاون خاتون کا خاکہ حاصل کر لیا ہے جس کی خاتون کی تلاش کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ خود کش بمبار کی معاون خاتون کا خاکہ جائے وقوعہ کے مختلف عینی شاہدین کی معاونت سے ماہرین نے تیار کیا ہے۔پولیس کی جانب سے معاون خاتون کی شناخت اور تلاش میں عام شہریوں سے بھی مدد فراہم کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔دوسری جانب دھماکے میں خاتون کی معاونت یا خودکش سے اتفاقیہ ملاقات تفتیش کاروں میں زیر بحث ہے۔
تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ ممکنہ معاون خاتون نے لفٹ دینے والے کار سوار سے 500 روپے کیش کی مدد بھی مانگی تھی، خودکش حملہ آور سے ملنا بھی مدد حاصل کرنے کی کوشش ہو سکتا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خاتون خود یا ان کے اہلیخانہ بھی تحقیقاتی اداروں کے سامنے خود پیش ہو سکتے ہیں۔یاد رہے کہ 26 اپریل کو کراچی یونیورسٹی میں ہونے والے خودکش دھماکے میں کنفیوشس سینٹر کے سربراہ سمیت 3 چینی باشندے اور ایک ڈرائیور جاں بحق جبکہ دو چینی شہریوں سمیت 4 افراد زخمی ہوئے تھے۔