انتظامیہ عوام کو درپیش مسائل کے حل اور علاقے میں امن و امان کے قیام کیلئے کوشاں ہے، جلال الدین خان کاکڑ
سوراب (ڈیلی گرین گوادر) ڈپٹی کمشنر سوراب جلال الدین خان کاکڑ نے کہا ہے کہ انتظامیہ عوام کو درپیش مسائل کے حل اور علاقے میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو تفریحی مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے، حکومت بلوچستان کے یوتھ انگیجمنٹ پالیسی کے تحت سوراب میں بھی ضلعی ہیڈ کوارٹر سمیت دیگر علاقوں میں مختلف کھیلوں کے مقابلے کا انعقاد کیا جارہا ہے تاکہ نوجوان نسل صحت مندانہ رجحانات کا حصہ بن کر منفی سرگرمیوں سے محفوظ رہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں زرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،ڈپٹی کمشنر جلال الدین کاکڑ کا کہنا تھا کہ سوراب باشعور محب وطن اور امن پسند لوگوں کا مسکن ہے یہاں کے باسی خوبصورت روایات کے امین اور مختلف شعبوں میں حوصلہ افزا صلاحیتوں کے مالک ہیں،ایک مردم خیز دھرتی ہونے کے ناطے سوراب کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے علم ادب اور کھیل کے شعبے میں قابل ذکر افراد کو جنم دیا ہے جو ملکی و بین الاقوامی سطح پر اپنے علاقے کا نام روشن کرچکے ہیں،خوش قسمتی سے آج کا سوراب یہاں کے منتخب عوامی نمائندوں کی مخلصانہ کاوشوں کی بدولت ترقی اور خوشحالی کے ایک مثالی سمت پر گامزن ہے اس سلسلے میں انتظامیہ پرعزم اور ہرممکن اپنا حصہ ڈال رہی ہے، علاقے کی ترقی اور خوشحالی کے اس تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی زمہ داری نبھانے کے ساتھ ساتھ انتظامیہ حکومت بلوچستان کے یوتھ انگیجمنٹ پالیسی کے تحت سوراب کے عوام کو صحت مندانہ ماحول اور تفریح کے موقع فراہم کرنے کے لیے مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کررہی ہے، جن میں فٹبال کرکٹ بیڈمنٹن اور دیگر کھیلوں کے ٹورنامنٹ کے ساتھ ساتھ عصری اور دینی اداروں میں فیسٹیول کا اہتمام اور تقاریر حمد و نعت اور حسن قرات کے مقابلے شامل ہیں جن کا دائرہ ماضی کے برعکس صرف ہیڈکوارٹر تک محدود کرنے کے بجائے ضلع کے دوردراز دیہی علاقوں تک وسیع کیا گیا ہے اور وہاں کے نوجوانوں کو بھی حصہ لینے کا یکساں اور آزادانہ موقع فراہم کیا جارہا ہے تاکہ وہ مایوسی اور منفی سرگرمیوں کا شکار ہونے کے بجائے مثبت رجحانات کی طرف مائل ہو جائیں