بلوچستان ایک ہی ہے اسے بلوچستان ہی پکارا اور لکھا جائے،آغا محمود شاہ
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل رکن قومی اسمبلی سید آغا محمود شاہ نے قومی اسمبلی میں بلوچستان میں جنوبی اور شمالی ناموں کی تخصیص کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان ایک ہی ہے اسے بلوچستان ہی پکارا اور لکھا جائے۔ معزز رکن قومی اسمبلی نے مزید شکوہ کیا کہ گزشتہ حکومت نے ساڑھے تین سال کے دوران میرے حلقہ قلات سوراب و مستونگ کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا۔ اور ہم سے تجاویز لیئے نہ ہی کوئی فنڈ خرچ کیا۔ دعوے تو کیئے گئے تاہم انکا ایک روپے بھی میرے حلقے میں نہیں لگا۔ جواب میں پارلیمانی امور کے وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی کا کہنا تھا کہ اس بات میں کوئی تردد نہیں کہ سابق حکومت نے معزز اراکین قومی اسمبلی سے نہ کوئی تجویز لی اور نہ ہی ان کے حلقوں میں کام کیا۔ آئندہ مستقبل میں اب ایسا نہیں ہوگا۔