تمام منصوبوں پر سروسز لائنوں کو جلد از جلد منتقل کیا جائے،سہیل الرحمان بلوچ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کمشنر کوئٹہ ڈویژن/پراجیکٹ ڈائریکٹر وزیراعلی بلوچستان کوئٹہ ڈوپلمنٹ پیکیج سہیل الرحمان بلوچ کی زیر صدارت کوئٹہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی پیش رفت کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ،ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ ڈویژن یاسر بازئی،ڈائریکٹر ڈوپلمنٹ کوئٹہ ڈویژن،ڈپٹی پی ڈیز،اسسٹنٹ کمشنر سٹی و سریاب کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز اور کوتاہی برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر سہیل الرحمان بلوچ نے کہا کہ سریاب روڈ،سبزل روڈ اور سرکی روڈ کے توسیع منصوبے اہمیت کے حامل ہیں۔انہوں نے اجلاس کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سرکی روڈ توسیع منصوبے میں حائل رکاوٹوں کو جلدازجلد دور کرکے کام کی رفتار کو تیز کیا جائے۔تمام منصوبوں پر سروسز لائنوں کو جلد از جلد منتقل کیا جائے۔یوٹیلٹی لائن ڈیپارٹمنٹس کی منصوبوں میں رکاوٹ کی صورت میں ان کو نوٹسز جاری کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے اہم منصوبوں میں ٹیم روک بیحد ضروری ہے۔اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔لہذا تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو جنگی بنیادوں پر تیز کریں۔اجلاس میں وزیراعلی بلوچستان کوئٹہ ڈوپلمنٹ پیکیج کے منصوبوں پر کام کی رفتار اور پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔پراجیکٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے اور اسٹیک ہولڈرز ان منصوبوں پر حائل رکاوٹوں کو دور کرکے جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنائیں۔سریاب روڈ،سبزل روڈ اور سرکی روڈ کے منصوبوں کی بروقت تکمیل سے ٹریفک کے مسائل حل اور عوام کی مشکلات میں کمی واقع ہوگی۔منصوبوں میں آنے والی مساجد کے مسائل پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیاجائے۔ تمام منصوبوں پر مکمل مشینری اور ورکرز کی ورکنگ سائٹس پر موجودگی کو یقینی بنائیں۔ تمام منصوبوں پر دوران کام ٹریفک کے لیے متبادل انتظام کیا جائے تاکہ لوگوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ منصوبے میں جہاں مسائل نہیں وہاں پر کام جلداز جلد شروع کریں۔سروس لائن کو جلد از جلد منتقل کیا جائے۔انہوں نے کہا ہے کہ سریاب روڈ پر مالکان کونوٹس دینے کے بعد فوری طور پرتمام سڑک کو کلیئر کرکے کام کی رفتار کیاجائے۔انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام یوٹیلیٹی سروسز کو بھی جلد از جلد منتقل کرکے سڑک کلیئر کروائیں۔